Latest News

رات 10 بجے کے بعد بھی پٹاخے پھوڑنا غیرذمہ دارانہ برتاؤ : آشیش سود

رات 10 بجے کے بعد بھی پٹاخے پھوڑنا غیرذمہ دارانہ برتاؤ : آشیش سود

نیشنل ڈیسک: دہلی کے وزیر داخلہ آشیش سود نے منگل کو کہا کہ دیوالی کے موقع پر جن لوگوں نے رات دس بجے کے بعد پٹاخے پھوڑے انہوں نے 'غیر ذمہ دارانہ' برتاؤ کیا۔ وزیر نے تاہم یہ واضح کیا کہ قومی دارالحکومت میں آلودگی بڑھنے کی واحد وجہ پٹاخے پھوڑنا نہیں ہے۔ سود نے میڈیا ایجنسی سے کہا، دہلی کے لوگوں کو سپریم کورٹ کی ہدایات پر مکمل طور پر عمل کرنا چاہیے تھا، جن کے تحت رات 10 بجے تک پٹاخے پھوڑنے کی اجازت دی گئی تھی۔ عدالت کے رات 10 بجے کے ہدایت کو توڑ کر تہوار منانے والوں کا یہ غیر ذمہ دارانہ برتاؤ تھا۔
سپریم کورٹ نے حال ہی میں دہلی-این سی آر میں نیشنل انوائرمینٹل انجینئرنگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ(نیری)کی جانب سے منظور شدہ سبز پٹاخوں کی فروخت اور استعمال پر سے پابندی ہٹا لی تھی۔ اعلی عدالت نے 19 اکتوبر اور 20 اکتوبر کو صبح 6 بجے سے 7 بجے تک اور رات 8 بجے سے 10 بجے تک منظور شدہ پٹاخوں کے استعمال کی اجازت دی تھی۔ سود نے بتایا، مشرقی دہلی کے آنند وہار میں صبح پانچ بجے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 943 اور شاہدرہ میں تقریبا 390 رہا۔ دہلی والوں کو منگل کی صبح گھنے کہر اور کم مرئیت کا سامنا کرنا پڑا۔

PunjabKesari
دیوالی کی رات لوگوں کی جانب سے دو گھنٹے کی مقررہ حد سے زیادہ پٹاخے پھوڑنے کے بعد ہوا کا معیار 'خطرناک سطح' تک پہنچ گیا۔ سینٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی)کے بلیٹن کے مطابق، قبل دوپہر 11 بجے شہر کا AQI 359 رہا، جو 'انتہائی خراب' زمرے میں آتا ہے۔ صبح آٹھ بجے یہ 352، پانچ بجے 346، چھ بجے 347 اور سات بجے 351 رہا۔
 مقررہ معیارات کے مطابق، صفر سے 50 کے درمیان AQI کو 'اچھا'، 51 سے 100 کے درمیان کو 'اطمینان بخش'، 101 سے 200 کے درمیان کو 'درمیانہ'، 201 سے 300 کے درمیان کو 'خراب'، 301 سے 400 کے درمیان کو 'انتہائی خراب' اور 401 سے 500 کے درمیان کو 'سنگین' مانا جاتا ہے۔
قومی دارالحکومت کے 38 مانیٹرنگ مراکز میں سے 35 'ریڈ زون' میں تھے، جو 'انتہائی خراب' سے 'سنگین' ہوا کے معیار کو ظاہر کرتا ہے۔ سود نے کہا، ہم تمام شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تہوار منائیں اور شہر میں سبز علاقوں اور صفائی کو بڑھانے میں دہلی حکومت کا تعاون کریں، تاکہ لوگوں کو اس بار جیسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



Comments


Scroll to Top