نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کہا ہے کہ دہلی میں آلودگی کی سطح خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے اور دہلی حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔
اے اے پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ماحولیات گوپال رائے نے آج کہا کہ دہلی میں آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے۔ کئی علاقوں میں آلودگی ریڈ زون میں پہنچ گئی ہے، لیکن بی جے پی سرکار ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے وزیر ماحولیات بہانے بنا رہے ہیں اور دعویٰ کر رہے ہیں کہ دہلی کے آس پاس سے آلودگی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے آس پاس کی تمام ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں برسراقتدار ہیں، لیکن ان ریاستوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ حکومت ابتدائی طور پر خاموش رہی اور عجلت میں ایک سرمائی ایکشن پلان تیار کیا، جس میں بہت سے ہاٹ اسپاٹ علاقے ہی شامل نہیں کیے گئے۔ حکومت بہانے بنانے کے بجائے آلودگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔
انہوں نے کہا کہ آلودگی کی سطح مزید بڑھنے والی ہے، اس لیے حکومت کو بہانے بنانا بند کر کے اس سے نمٹنے کے لیے ایکشن پلان پر کام کرنا چاہیے۔