National News

ہندو راشٹرمیں سماجی مساوات کا تصور کرنا دن میں خواب  دیکھنے کے مترادف : شیوانند تیواری

ہندو راشٹرمیں سماجی مساوات کا تصور کرنا دن میں خواب  دیکھنے کے مترادف : شیوانند تیواری

نئی دہلی:  فسطائی طاقتوں کو ریزرویشن مخالف قرار دیتے ہوئے  معروف سیاسی اور سوشلسٹ لیڈر شیوانند تیواری نے کہا کہ  'ہم ریزرویشن کی حمایت کرتے ہیں' یہ کہنے والوں نے ہی  منڈل کے خلاف احتجاج میں کمنڈل یاترا نکالی تھی-  آج جب   الیکشن ہو رہے ہیں تو انہیں صفائی کی ضرورت کیوں محسوس ہورہی ہے-
 انہوں نے  جاری ایک بیان میں کہا کہ پسماندہ یا دلت سماج ان کی باتوں پر کیسے یقین کر سکتا ہے؟   انہوں نے دعوی کیا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس )  کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا تھا کہ ریزرویشن مساوات کے اصول کے خلاف ہے۔ مودی حکومت کی طرف سے معاشی بنیادوں پر 10 فیصد ریزرویشن اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں سماجی بنیادوں پر ریزرویشن کے آئینی نظام پر  ان کا یقین نہیں ہے۔
آر ایس ایس   شروع سے ہی ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے کا خواب دیکھتا رہا ہے۔ بلکہ آر ایس ایس  کا قیام صرف اسی مقصد کے حصول کے لیے کیا گیا تھا۔ اس الیکشن میں بی جے پی کے سینئر لیڈر یہ کہتے رہے ہیں کہ آئین کو بدلنے کے لیے ہمیں چار سو ممبران پارلیمنٹ کی ضرورت ہے۔ تاہم انتخابی خوف کے باعث وزیراعظم نے کہا ہے کہ آئین میں تبدیلی ہمارا مقصد نہیں ہے لیکن یہ کون مانے گا؟ وزیر اعظم کے بیان کے بعد 2014 سے ایودھیا کے ایم پی اور رام مندر تحریک کے لیڈر للو سنگھ نے کہا کہ ہمیں آئین میں تبدیلی کے لیے ممبران پارلیمنٹ کی تعداد کی ضرورت ہے۔ راجستھان بی جے پی لیڈر کروڑی مل مینا یا دیگر بی جے پی لیڈر بھی یہی کہتے ہیں۔
آئین بنانے کے وقت آر ایس ایس  نے کہا تھا کہ ہم اس آئین کو نہیں مانتے۔ یاد رہے کہ اٹل جی کی حکومت نے یکم فروری 2001 کو آئین کا جائزہ لینے کے لیے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج وینکٹاچلیا کی صدارت میں ایک کمیشن تشکیل دیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ اس وقت کے صدر آر کے نارائن نے بھی دستوری جائزہ کمیشن کی تشکیل کی مخالفت کی تھی۔
ہندوستان کو ہندو راشٹڑ بنانا راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے بنیادی مقاصد میں سے ایک ہے۔ جمہوریت کی بنیاد مساوات کے اصول پر ہے۔ جبکہ ہندو سماج میں کسی کے مقام کا تعین برابری کے اصول پر نہیں بلکہ پیدائش کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سنگھ اور بی جے پی ووٹوں کے نقصان سے ڈرتے ہوئے بھی یہ واضح کر رہے ہیں کہ وہ ریزرویشن کے حامی ہیں لیکن ایک ہندو راشٹر میں سماجی مساوات کا تصور کرنا دن میں خواب دیکھنے کے مترادف ہے۔
 



Comments


Scroll to Top