Latest News

بہار انتخابات میں این ڈی اے کے ''وِکاس'' اور مہا گٹھ بندھن کے ''وِناش'' کے درمیان مقابلہ: جے پی نڈا

بہار انتخابات میں این ڈی اے کے ''وِکاس'' اور مہا گٹھ بندھن کے ''وِناش'' کے درمیان مقابلہ: جے پی نڈا

نیشنل ڈیسک: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے صدر جے پی نڈا نے جمعرات کو کہا کہ بہار اسمبلی انتخاب راشٹریہ جنتا نترک گٹھ بندھن(این ڈی اے) کے 'وِکاس'( ترقی ) اور انڈیا گٹھ بندھن کے 'وِناش'( تباہی ) کے درمیان کی لڑائی ہے۔ اورنگ آباد ضلع میں منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے کانگریس پر نشانہ سادھا اور اسے ایسی  'پر جیوی پارٹی ' بتایا جو اپنے چھوٹے سہیوگیوں کو ختم کر دیتی ہے۔ انہوں نے راشٹریہ جنتا دل(آر جے ڈی)پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ لالو پرساد کی پارٹی رنگداری، جنگل راج اور دبنگئی کی علامت ہے۔ مرکزی وزیر نڈا نے مہاگٹھ بندھن کی جانب سے تیجسوی یادو کو وزیر اعلی کے عہدے کا امیدوار قرار دینے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی عوام آر جے ڈی اور کانگریس کے دورِ حکومت کی تاریخ سے بخوبی واقف ہے۔
بی جے پی صدر نے دعوی کیا، وہ دور افراتفری، جنگل راج اور ترقی کی راہ میں رکاوٹوں کا دور تھا، جس نے بہار کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا۔ آج یہ پارٹیاں پھر سے اقتدار میں آنے کا خواب دیکھ رہی ہیں، لیکن بہار کی عوام اب مزید دھوکے میں آنے والی نہیں ہے۔ مہاگٹھ بندھن صرف اقتدار حاصل کرنے کے لیے بنایا گیا ایک ناپاک اتحاد ہے ، جو ریاست کے لیے صرف تباہی لائے گا۔ نڈا نے تیجسوی یادو کی جانب سے نوجوانوں کو روزگار دینے اور نقل مکانی روکنے کے وعدے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ آر جے ڈی کے ایسے اعلانا ت ' زمین کے بدلے نوکری ' گھوٹالے کی یاد دلاتے ہیں۔ انہوں نے آر جے ڈی کے اس انتخابی وعدے کی بھی تنقید کی کہ بہار کے ہر خاندان کو سرکاری نوکری دی جائے گی۔ نڈا نے سوال اٹھایا کہ اس کے لیے پیسہ کہاں سے آئے گا اور تنخواہ کیسے دی جائے گی۔
بی جے پی صدر نے آر جے ڈی کی جانب سے باہوبلی رہ چکے مرحوم رہنما محمد شہاب الدین کے بیٹے اسامہ شہاب کو ٹکٹ دینے پر بھی سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی نے شہاب الدین کے بیٹے کو میدان میں اتارا ہے، ایسی پارٹی بہار کی عوام کی حفاظت کیسے یقینی بنائے گی؟ لالو کی آر جے ڈی رنگداری، جنگل راج اور دبنگئی کی علامت ہے۔ آر جے ڈی نے اسامہ شہاب کو سیوان ضلع کی رگھوناتھ پور اسمبلی نشست سے امیدوار بنایا ہے۔ نڈا نے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے پچھلے 20 برسوں میں بہار کو جنگل راج سے آزاد کرایا ہے۔ انہوں نے کہا، اس انتخاب میں مقابلہ ترقی اور تباہی کے درمیان ہے۔ بہار کی عوام جنگل راج کو کبھی نہیں بھول سکتی۔
لالو پرساد کے دورِ حکومت میں لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا تھا، جب کہ آج وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی نتیش کمار کی قیادت میں بہار ترقی کی راہ پر ہے۔ بی جے پی صدر نے کہا، بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ میری پیدائش پٹنہ میں ہوئی تھی۔ میں نے اپنے بچپن کے 20 سال بہار میں گزارے۔ میں اس اندھیرے کے دور کو جانتا ہوں اور میں اس روشنی کے دور کو بھی دیکھ رہا ہوں... آج یہ انتخاب واضح طور پر این ڈی اے کے ساتھ وکاس ( ترقی )اور مہاگٹھ بندھن کے ساتھ  وناش (تباہی )دکھاتا ہے۔ نڈا نے دعوی کیا کہ این ڈی اے حکومت نے پچھلے کچھ برسوں میں ریاست کی ترقی کے لیے متعدد کام کیے ہیں۔ انہوں نے کہا، مرکزی حکومت نے بہار کے ریل بجٹ میں تقریبا 10 گنا اضافہ کیا ہے۔ حال ہی میں شروع کی گئی 44 وندے بھارت ٹرینوں میں سے 26 بہار کے لیے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ چھٹھ پوجا کے دوران مسافروں کے رش کو دیکھتے ہوئے ریلوے وزارت نے اس بار خصوصی ٹرینوں کی تعداد بڑھا کر 12,000 کر دی ہے۔ نڈا نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے این ڈی اے کے امیدواروں کو بھاری ووٹوں سے کامیاب بنائیں، تاکہ بہار کو ملک کی صفِ اول کی ریاستوں میں شامل کرنے کا خواب پورا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی ہمہ گیر ترقی کے لیے ڈبل انجن کی حکومت کا رہنا ناگزیر ہے۔



Comments


Scroll to Top