ممبئی : شیوسینا کے لیڈر سنجے راوت نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ( اے آئی ایم آئی ایم )پر ہندوستانی مسلمانوں کو بار بار گمراہ کرنے اور ان کے دماغ میں زہر گھولنے کا جمعہ کو الزام لگایا۔ اے آئی ایم آئی ایم کے لیڈر وارث پٹھان نے کرناٹک میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا تھا کہ 15 کروڑ مسلمان 100 کروڑ پر بھاری پڑ سکتے ہیں۔ پٹھان کے اسی بیان کے پیش نظر راوت کا بیان آیا ہے۔
راوت نے دہلی میں کہا کہ 'آپ کو ملک میں مسلمانوں کا رہنما بننے کا حق کس نے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ' مہاراشٹر میں شیوسینا اقتدار میں ہے اور اس وجہ سے وہ تحمل برت رہی ہے'۔ راوت نے کہا کہ مہاراشٹر میں آپ کا قد کیا ہے؟ ریاست کے مسلمان ایم وی اے ( مہا وکاس اگھاڑی )حکومت کے ساتھ ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم ہندوستانی مسلمانوں کو بار بار گمراہ کر رہی ہے اور ان کے دماغ میں زہر گھولنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اگر اس طرح کے بیان بار بار دئیے گئے، تو شیوسینا بھی اسی زبان میں جواب دے گی۔
این سی پی ترجمان اور مہاراشٹر میں اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے بھی پٹھان کے بیان کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ ' ہم پٹھان کے تقسیم کرنے والے اور اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔کیا فرقہ وارانہ بیان دینے کے لئے اے آئی ایم آئی ایم اور بی جے پی نے میچ فکسنگ کر رکھی ہے۔
پٹھان نے 16 فروری کو شمالی کرناٹک کے گلبرگی میں سی اے اے مخالف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مبینہ طور پر یہ بیان دیا تھا ۔پٹھان کے اس بیان کا ویڈیو بھی وائرل ہواتھا ، جس میں ان کو یہ خطاب یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے ' کہ ابھی تو ہماری شیرنیاں باہر آئی ہیں، ہمیں ساتھ چلنا ہوگا ،ہمیں آزادی لینی ہوگی۔ جو چیزیں مانگنے سے نہیں ملتی، ہمیں چھیننی ہوگی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم 15 کروڑ ہیں ، لیکن ہم 100 کروڑ ہندؤوں پر بھاری ہیں۔یہ بات یاد رکھ لینا۔ پٹھان دہلی کے شاہین باغ میں سی اے اے کے خلاف مظاہرہ کر رہی عورتوں کی تنقید کی طرف اشارہ کر رہے تھے