National News

کینیڈا میں پنجابی نوجوان کی مشتبہ موت ، خاندان نے لاکھوں کا قرض لے کر بھیجا تھا اکلوتا بیٹا ، اب لاش لانے تک کے لئے پیسے نہیں

کینیڈا میں پنجابی نوجوان کی مشتبہ موت ، خاندان نے لاکھوں کا قرض لے کر بھیجا تھا اکلوتا بیٹا ، اب لاش لانے تک کے لئے پیسے نہیں

انٹرنیشنل ڈیسک: کینیڈا میں ایک ہندوستانی نوجوان کی مشتبہ موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پنجاب کے ضلع برنالہ کے اسمبلی حلقہ مہِل کلاں کے تحت آنے والے گاؤں گُرم کے ایک غریب کسان خاندان کے اکلوتے بیٹے راجپریت سنگھ ( 24 ) کی کینیڈا میں موت ہو گئی ہے۔ اس خبر سے پورے گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور خاندان گہرے صدمے میں ہے۔
مرحوم کے والد کلونت سنگھ اور والدہ بلجندر کور نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے روشن مستقبل کی امید میں اپریل2024 میں تقریبا 18 لاکھ روپے کا قرض لے کر اسے تعلیمی ویزا پر کینیڈا بھیجا تھا۔ راجپریت برامپٹن میں تعلیم حاصل کر رہا تھا اور سرے میں رہائش پذیر تھا۔
خاندان کو 17 جنوری کو کینیڈا میں مقیم ایک رشتہ دار کے فون کے ذریعے راجپریت کی موت کی اطلاع ملی۔ فی الحال اس کی موت کی وجوہات کے بارے میں کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ مرحوم کے ماموں ہرجندر سنگھ ( ساکن گھناور)، نے بتایا کہ خاندان کے پاس محض تین ایکڑ زمین ہے۔ راجپریت کے والد کلونت سنگھ ایک نجی اسکول کی بس چلا کر کسی طرح خاندان کی کفالت کر رہے تھے۔ خاندان پہلے ہی بھاری قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے اور اب ان کے پاس اپنے بیٹے کی میت کو ہندوستان لانے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں۔
متاثرہ خاندان اور گاؤں کے لوگوں نے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان، رکنِ پارلیمنٹ گرمیت سنگھ میت ہئیر اور حلقہ کے رکنِ اسمبلی کلونت سنگھ پندوری سے اپیل کی ہے کہ سرکاری خرچ پر راجپریت سنگھ کی میت ہندوستان لانے میں مدد کی جائے، تاکہ والدین اپنے اکلوتے بیٹے کی آخری رسومات اپنے گاؤں کی زمین پر ادا کر سکیں۔
 



Comments


Scroll to Top