انٹرنیشنل ڈیسک: امریکہ میں اپنی شادی طے کرنے گئی 24 سالہ ہندوستانی خاتون سمرن پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی۔ سمرن کو آخری بار 20 جون کو دیکھا گیا تھا، جب وہ ہندوستان سے نیو جرسی پہنچی تھیں۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب اس کے امریکہ پہنچنے کے پانچ دن بعد 25 جون کو پولیس کو لاپتہ ہونے کی اطلاع دی گئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشکوک سرگرمیاں نظر آ ئیں
نیو جرسی میں لنڈن والڈ پولیس نے بتایا کہ انہیں حاصل کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں سمرن کو بار بار اپنے فون کی طرف دیکھتے ہوئے اور کسی کا انتظار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس فوٹیج سے اس کی سرگرمیوں پر کئی سوالات اٹھتے ہیں۔
سمرن کی تلاش کرنے والے اہلکاروں نے بتایا کہ وہ اپنی ارینج میرج کے لیے امریکہ آئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق حکام اب اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا سمرن کا اصل مقصد ارینج میرج کے لیے نیو جرسی آنا تھا یا اس کا کوئی اور ارادہ تھا جیسے کہ امریکہ گھومنا۔
انگریزی نہیں جانتی ،صرف وائی فائی فون تھا پاس
پولیس کے لیے جس چیز نے کیس کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے وہ یہ ہے کہ حکام نے بتایا کہ سمرن کا امریکہ میں کوئی رشتہ دار نہیں ہے اور وہ انگریزی بولنا نہیں جانتی تھی۔ سمرن کے پاس بین الاقوامی فون تھا جو صرف وائی فائی پر کام کرتا ہے۔ لنڈن والڈ پولیس کے مطابق فی الحال ہندوستان میں سمرن کے خاندان کے بارے میں درست معلومات دینے والا کوئی شخص نہیں ہے۔
پولیس سمرن کی تلاش میں مصروف ہے اور یہاں کے لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق سمرن کے ماتھے کے بائیں جانب ایک چھوٹا سا نشان ہے۔ اسے آخری بار گرے سویٹ پینٹس، ایک سفید ٹی شرٹ، بلیک فلپ فلاپ، اور چھوٹی ہیرے کی بالیاں( جھمکے ) پہنے دیکھا گیا تھا۔
پہلے بھی ہو چکا ہے ایسا واقعہ
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کوئی ہندوستانی شہری بیرون ملک لاپتہ ہوا ہو۔ اس سے قبل مارچ میں پٹسبرگ یونیورسٹی کی طالبہ 20 سالہ سدیکشا کونانکی ڈومینیکن ریپبلک میں اسپرنگ بریک کے دوران لا پتہ ہوگئی تھی ۔ وہ 6 مارچ کو اپنے دوست کے ساتھ پنٹا کانا میں چھٹیاں گزار رہی تھی جب اسے آخری بار صبح 4:15 پر دیکھا گیا تھا۔
سمرن کی گمشدگی نے ایک بار پھر تعلیم حاصل کرنے یا بیرون ملک سفر کرنے والے ہندوستانی شہریوں کی حفاظت کے بارے میں خدشات کو جنم دیا ہے۔ پولیس اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی سمرن کا سراغ لگا لیا جائے گا۔