Latest News

ٹرمپ کے پاس کون سی سپر پاور ہے ؟ کیا سچ میں کسی بھی ملک کے صدر کو کروا سکتے ہیں گرفتار؟

ٹرمپ کے پاس کون سی سپر پاور ہے ؟ کیا سچ میں کسی بھی ملک کے صدر کو کروا سکتے ہیں گرفتار؟

انٹرنیشنل ڈیسک: گزشتہ تین جنوری کو وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے امریکہ کے نیویارک لے جایا گیا۔ اس گرفتاری سے پہلے امریکہ نے وہاں فضائی حملے کیے تھے۔ صدر کی گرفتاری پر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا امریکی صدر کے پاس اتنی طاقت ہے کہ وہ کسی بھی ملک کے صدر کو گرفتار کروا سکتے ہیں۔ سادہ الفاظ میں سمجھیں تو اس کا جواب نہیں ہے۔ بین الاقوامی قانون کے مطابق کسی بھی ملک کے موجودہ صدر کو 'ہیڈ آف اسٹیٹ امیونٹی ' ( Head of State Immunity) یعنی قانونی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔ اس اصول کے تحت جب تک کوئی شخص اپنے ملک کے عہدے پر فائز رہتا ہے، اسے کسی دوسرے ملک کی عدالت میں نہ تو پیش کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
اس سوال کے جواب کے ساتھ ہی ایک اور سوال اٹھتا ہے کہ پھر وینزویلا کے صدر مادورو کی گرفتاری کیسے ہوئی۔
پھر مادورو کی گرفتاری کیسے ہوئی
مادورو کے معاملے میں امریکہ نے ایک نہایت چالاک قانونی' لوپ ہول '  (Loophole) کا استعمال کیا ہے۔ امریکہ 2018  اور 2024 کے انتخابات میں دھاندلی کا حوالہ دیتے ہوئے نکولس مادورو کو وینزویلا کا جائز صدر مانتا ہی نہیں ہے۔ امریکی محکمہ انصاف نے مادورو کو صدر کے بجائے ایک منشیات فروش دہشت گرد قرار دے رکھا ہے۔ واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ کسی مجرم کو سفارتی تحفظ حاصل نہیں ہو سکتا۔ 3  جنوری 2026 کو امریکی خصوصی دستوں نے کاراکاس میں کارروائی کر کے مادورو کو گرفتار کیا، جسے امریکہ نے قانون نافذ کرنے کی کارروائی قرار دیا ہے۔
امریکہ کی اصل طاقت، براہ راست نہیں مگر مؤثر
امریکی صدر اگرچہ ہر کسی کو گرفتار نہیں کر سکتے، لیکن ان کے پاس دباؤ  ڈالنے کے کئی بڑے ہتھیار موجود ہیں۔
معاشی پابندیاں، کسی بھی ملک کی معیشت کو مفلوج کر دینا۔
اثاثے منجمد کرنا، غیر ملکی رہنماؤں کے امریکی بینکوں میں موجود اثاثے ضبط کرنا۔
بین الاقوامی تنہائی، سفارتی ذرائع سے کسی ملک کو دنیا سے الگ تھلگ کر دینا۔
اس تمام معلومات سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ مادورو کی گرفتاری بین الاقوامی قانون کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ جہاں روس اور چین اسے خودمختاری پر حملہ قرار دے رہے ہیں، وہیں امریکہ اسے انصاف کہہ رہا ہے۔ مستقبل میں یہ واقعہ طے کرے گا کہ آیا اب کوئی طاقتور ملک کسی دوسرے ملک کے رہنما کو مجرم قرار دے کر گرفتار کر سکتا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top