Latest News

نئے سال پر امریکی فوج کا ایکشن : سمندر میں اسمگلروں کی کشتیوں پر گولی باری، 3 کی موت اور متعدد لا پتہ

نئے سال پر امریکی فوج کا ایکشن : سمندر میں اسمگلروں کی کشتیوں پر گولی باری، 3 کی موت اور متعدد لا پتہ

واشنگٹن: امریکی فوج نے بدھ کے روز کہا کہ اس نے منشیات کی اسمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث مزید تین کشتیوں پر حملہ کیا، جس میں تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر لوگ سمندر میں کود گئے۔ 'امریکی سدرن کمانڈ' کی جانب سے جاری بیان میں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ حملے کہاں ہوئے۔ امریکی فوج اس سے پہلے کیریبین سمندر اور مشرقی بحرالکاہل میں منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی کشتیوں پر اس طرح کے حملے کر چکی ہے۔
سدرن کمانڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں کشتیاں غیر معمولی طور پر ایک دوسرے کے بہت قریب دکھائی دے رہی ہیں۔ فوج نے کہا کہ یہ کشتیاں منشیات کی اسمگلنگ کے معلوم راستوں پر ایک قافلے کی صورت میں چل رہی تھیں اور حملوں سے پہلے تینوں کشتیوں کے درمیان منشیات کا تبادلہ کیا گیا تھا۔ تاہم فوج نے اس دعوے کی حمایت میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
فوج نے بتایا کہ پہلی کشتی پر حملے میں تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ باقی دو کشتیوں میں سوار لوگ حملے سے پہلے ہی سمندر میں کود گئے اور کشتیوں سے دور ہو گئے۔ سدرن کمانڈ نے کہا کہ اس نے فوری طور پر امریکی کوسٹ گارڈ کو اطلاع دی تاکہ تلاش اور بچا ؤکی کارروائی شروع کی جا سکے۔ یہ حملے منگل کے روز ہوئے تھے۔ سدرن کمانڈ کے بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کشتیوں سے کودنے والے افراد کو بچایا گیا یا نہیں۔
 



Comments


Scroll to Top