نئی دہلی: ہندوستان نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشتگردانہ حملے کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی قیادت کی طرف سے ہندوستان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کی ستائش کی ہے۔یو اے ای نے یہ موقف اس وقت دہرایا جب خارجہ سیکرٹری وکرم مسری نے 10 جون کو ابوظہبی کا دورہ کیا۔
یہ دورہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور یو اے ای کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان کے درمیان گزشتہ برس 13 دسمبر کو نئی دہلی میں ہونے والی 15ویں مشترکہ کمیشن میٹنگ کے بعد ہوا ہے۔
وزارت خارجہ نے آج یہاں بتایا کہ اپنے دورے کے دوران، سکریٹری خارجہ مسٹر مسری نے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے تمام پہلووں کا جائزہ لینے کے لئے متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی تعاون کی وزیر مملکت ریم بنت ابراہیم الہاشمی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ثقافت، دفاع، ٹیکنالوجی، قونصلر امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہوئی۔ دونوں فریقین نے عالمی پلیٹ فارمز پر مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔وزارت خارجہ نے کہا کہ انہوں نے پہلگام میں دہشتگردانہ حملے کے بعد یو اے ای کی حمایت کا خیرمقدم کیا۔