واشنگٹن:اسمارٹ فون، برقی گاڑیاں اور لڑاکا طیارے سمیت اعلیٰ ٹیکنالوجی والے آلات کے لیے ضروری ریئر ارتھ میٹل کی تلاش میں تیزی لانے کی اپنی مہم کے تحت امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاوس میں پانچ وسطی ایشیائی ممالک کے رہنماوں کی میزبانی کی۔
ٹرمپ اور قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے حکام نے رات کے کھانے سے قبل اوول آفس میں دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔ ٹرمپ نے کہایہ ممالک کبھی مشرق اور مغرب کو جوڑنے والی قدیم ریشمی راستے کا مرکز تھے مگر افسوس کی بات ہے کہ سابق امریکی صدور نے اس خطے کو پوری طرح نظر انداز کیا۔
انہوں نے کہامیں اس خطے کی اہمیت کو سمجھتا ہوں مگر بہت سے لوگ یہ نہیں جانتے۔پانچ ممالک کے رہنماوں کا یہ دورہ اس وقت ہوا جب ٹرمپ نے چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ریئر ارتھ میٹل کی برآمد کے معاملے پر امریکہ اور چین کے درمیان اختلافات کو عارضی طور پر کم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔