National News

ماحولیاتی تبدیلی دنیا کے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے: زینت امان

ماحولیاتی تبدیلی دنیا کے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے: زینت امان

نئی دہلی:بالی ووڈ کی معروف اداکارہ زینت امان نے موسمی تبدیلی اور ماحولیاتی تبدیلی کو دنیا کے سامنے ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”یہ کوئی دور کی بات نہیں بلکہ اسی وقت ہمارے اردگرد ہو رہی ہے لیکن ہم اسے نظر انداز کرتے جا رہے ہیں محترمہ امان نے جمعرات کی شب بھارت منڈپم، پرگتی میدان میں موبیئس فاونڈیشن اور وارنر بردرس ڈسکوری کے اشتراک سے تیار کی گئی 10 قسطوں پر مشتمل دستاویزی سیریز ’ایمبریس آف ہوپ: دی فائٹ فار آور فیوچر‘ کے پریمیئر کے موقع پر یہ بات کہی۔
زینت امان نے کہا، ”ماحولیاتی تبدیلی اور اس کے خطرات کے بارے میں یہ پیغام ہر شخص تک پہنچانا ضروری ہے۔ ہم میں سے بہت سے لوگ اس موضوع پر اتنے سرگرم نہیں ہیں۔ ایک فرد کی حیثیت سے اور معاشرے کے حصے کے طور پر ہم صرف ماحولیاتی تبدیلی کو ہوتے ہوئے ہی دیکھتے رہے ہیں لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور اس سمت میں کوئی ٹھوس قدم اٹھائیں۔“
دستاویزی سیریز میں بطور اسٹوری ٹیلر (راوی) بات کرتے ہوئے زینت امان نے کہا، ’ایمبریس آف ہوپ‘ نے میرے اندر ایک گہری جذباتی کیفیت پیدا کی ہے۔ میں اس سے اس لیے ذاتی طور پر جڑی ہوں کیونکہ ماحولیاتی تبدیلی کوئی دور دراز کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ اسی لمحے ہمارے آس پاس وقوع پذیر ہو رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ سیریز آج کے وقت میں انتہائی اہم ہے۔ یہ ہمیں اس حقیقت سے آشنا کراتی ہے جسے ہم اکثر نظر انداز کرتے ہیں۔ یہ سیریز ہندوستان کے ماحولیاتی بحران، جنگلات کی کٹائی، فضائی آلودگی، حیاتیاتی تنوع میں کمی اور بڑھتی سمندری سطح کو نہایت گہرائی سے پیش کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ان حوصلہ افزا عوامی کوششوں کو بھی اجاگر کرتی ہے جو ملک میں تبدیلی کی راہ ہموار کر رہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ یہ دستاویزی سیریز 16 نومبر 2025 سے ڈسکوری، ڈسکوری ایچ ڈی، اینیمل پلینیٹ اور اینیمل پلینیٹ ایچ ڈی چینلز پر نشر کی جائے گی۔ برازیل کے شہر بیلیم میں منعقد ہونے والے سی او پی 30 ماحولیاتی سربراہ اجلاس کے ساتھ اسکی نشریات کومربوط کیاگیاہے۔
یہ سیریز ہندوستان کے ساتھ ساتھ دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی بیک وقت ریلیز کی جائے گی تاکہ یہ موثر ماحولیاتی کہانی پورے خطے تک یکساں طور پر پہنچ سکے۔
 



Comments


Scroll to Top