نئی دہلی: 'دی اسٹیٹس مین ایوارڈز فار رورل رپورٹنگ' اور 'دی کشرو ایرانی پرائز فار انوائرمینٹل رپورٹنگ' کے لیے اندراجات طلب کیے گئے ہیں 'دی اسٹیٹس مین ایوارڈز فار رورل رپورٹنگ' سال 1973 میں قائم کیا گیا تھا یہ ایوارڈ ان صحافیوں کو عطا کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی خبروں یا مضامین کے ذریعے دیہی علاقوں کے سماجی، سیاسی اور معاشی چیلنجوں کو نمایاں طور پرپیش کیا ہو۔ اس زمرہ میں 25 ہزار، 15 ہزار اور 10 ہزار روپے کے تین انعامات دئیے جائیں گے۔ اس ایوارڈ کے لیے انتخاب اس بنیاد پر کیا جائے گا کہ ان کی سماجی مطابقت کتنی ہے اوروہ حقیقتا ًکتنے درست ہیں، ان میں کتناپیشہ ورانہ عزم ہے اوران کاطرز تحریر کتنا بہتر ہے۔
'کشرو ایرانی پرائز فار انوائرنمنٹل رپورٹنگ' سی آر ایرانی فاونڈیشن کی طرف سے دیا جاتا ہے۔ سال 2011 میں قائم اس ایوارڈ کی رقم 25 ہزار روپے ہے۔ یہ انعام ان ہندوستانی صحافیوں کوعطا کیا جاتا ہے جنہوں نے ماحولیاتی مسائل پر تحقیقاتی رپورٹنگ کی ہے۔ اس ایوارڈ کے لیے انتخاب کی بنیاد خبر کا مواد، درست حقائق، پیشہ ورانہ اور تحقیقی معیار ہوگا۔
ہندوستانی صحافی ان دونوں ایوارڈوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔یہ خبریں انگریزی یا کسی بھی علاقائی زبان میں سال 2024 میں شائع ہوئی ہوں۔ اندراجات انگریزی ترجمہ کے ساتھ یا اس کے بغیر بھی ارسال کےے جاسکتے ہیں۔یہ خبر کسی اخبار یا میگزین میں شائع ہونی چاہیے۔ اندراجات کے ساتھ خبر کی اصل کاپی منسلک ہونی چاہیے، جس میں پبلی کیشن کا نام اور تاریخ اشاعت نمایاں طور پر درج ہو۔
دیہی صحافت کے اندراجات پر "رورل رپورٹنگ" اور سی آر ایرانی پرائز کے اندراجات پر "انوائرنمنٹل رپورٹنگ" تحریر ہونا لازمی ہے۔یہ اندراجات 10 اگست، 2025 تک "دی ایوارڈز کمیٹی، اسٹیٹسمین ہاو¿س، 4 چورنگی اسکوائر، کولکاتہ-700001" کوارسال کردی جائیں۔