National News

راج ناتھ نے مغربی سرحد پر صورتحال کا جائزہ لیا

راج ناتھ نے مغربی سرحد پر صورتحال کا جائزہ لیا

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کے ساتھ فوجی کارروائی روکنے اور سرحدوں اور فرنٹ لائن محاذوں پر فوجیوں کی تعداد کم کرنے پر اتفاق رائے بننے کے بعد مغربی سرحد کی صورتحال کا جائزہ لیا وزارت دفاع نے منگل کو بتایا کہ یہاں ساو¿تھ بلاک میں مسٹر سنگھ کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان، آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی، بحریہ کے سربراہ دنیش ترپاٹھی، دفاعی سکریٹری راجیش کمار اور فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل نرمدشویر تیواری نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آپریشن سندور کے بعد فوجی کارروائی روکنے پر دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان اتفاق رائے کے بعد مغربی سرحد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اعلیٰ فوجی قیادت نے وزیر دفاع کو سرحدوں کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
قابل ذکر ہے کہ پیر کی شام دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے 10 مئی کو فوجی کارروائی ملتوی کرنے پر اتفاق رائے کی تصدیق کی تھی۔ اس ملاقات میں دونوں فریقین نے سرحدوں اور آگے کے محاذوں پر فوجیوں کی تعداد کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستان نے 6 مئی کی رات کو آپریشن سندور شروع کیا، جس میں پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے نو ٹھکانوں کو نشانہ بناکر کارروائی کی گئی۔ اس میں سو سے زائد دہشت گرد مارے گئے تھے۔
جواب میں پاکستانی فوج نے ہندستانی شہری اور فوجی اہداف پر حملے کی ناکام کوشش کی تھی۔ اس نے ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے فوجی اڈوں پر بڑے پیمانے پر حملے کئے تھے۔ ہندستان نے منہ توڑ جواب دیا اور اس کے کئی فوجی اڈے تباہ کر دیئے۔ ہندستانی حملوں سے متاثر پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے 10 مئی کو اپنے ہندستانی ہم منصب کے ساتھ ہاٹ لائن بات چیت کے دوران فوجی کارروائی روکنے کی پیشکش کی تھی۔



Comments


Scroll to Top