سری نگر:جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے تنگدھار علاقے کا دورہ کیا اور حالیہ پاکستانی گولہ باری سے ہوئی تباہی کا جائزہ لیا انہوں نے اس دوران متاثرہ کنبوں کے ساتھ بات چیت بھی کی ان کا کہنا ہے کہ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تکلیف سے کسی بھی صورت میں چشم پوشی نہیں کی جائے گی عمر عبداللہ نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا: ' تنگدھار کے گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ان خاندانوں سے ملاقات کی جنہوں نے گہرے درد کے درمیان غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کیا'۔
انہوں نے کہا ' ان کا حوصلہ متاثر کن ہے،حکومت ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، ان کے دکھ درد سے ہرگز چشم پوشی نہیں کی جائے گی۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا ' ان کی عزت اور نئی امید کے ساتھ ان کی زندگیوں کی تعمیر میں مدد کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا'۔وزیر اعلیٰ نے گذشتہ روز ضلع پونچھ میں گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران متاثرین کو حکومت کی سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی۔