پٹنہ: وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان میں دہشت گردی کے کیمپوں کو تباہ کرنے کے لئے مسلح افواج کے کامیاب آپریشن سندور کے بعد بہار کے اپنے پہلے دورے کے دوران آج پٹنہ میں ایک میگا روڈ شو کیا۔
آپریشن سندور کے بعد جمعرات کو مسٹر مودی نے بہارکے اپنے پہلے دورے کے دوران پٹنہ ہوائی اڈے پر نو تعمیر ٹرمینل کا افتتاح کیا اور بہٹاہوائی اڈے کے نئے سول انکلیو کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ پٹنہ ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت 1200 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے جس سے سالانہ ایک کروڑ مسافروں کو سہولت ملے گی جبکہ بہٹاہوائی اڈے کے سول انکلیو کی تعمیر 1413 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جائے گی جس سے سالانہ 50 لاکھ مسافروں کو سہولت ملے گی۔
وزیر اعظم نے نئی ٹرمینل عمارت کا افتتاح کرنے اور نئے سول انکلیو کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد پٹنہ میں روڈ شو کیا۔ انہوں نے پٹنہ ہوائی اڈے سے اپنا روڈ شو شروع کیا، جو ویر چند پٹیل روڈ پر واقع بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی ہیڈکوارٹر پر اختتام پذیر ہوا۔
روڈ شو کے دوران وزیر اعظم کا قافلہ بیلی روڈ، شیخ پورہ موڑ، جے ڈی ویمنس کالج، چڑیا گھر، راجونشی نگر، پٹنہ ویمنس کالج، پٹنہ ہائی کورٹ اور انکم ٹیکس گولمبر سے ہوتا ہوا بی جے پی کے ریاستی دفتر پہنچا۔ سڑک کے کنارے وزیر اعظم کا انتظار کر رہے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ہاتھ ہلاکر ان کا استقبال کیا، جن میں سے زیادہ تر لوگوںکے ہاتھو ں میں ترنگا تھا۔