پٹنہ: بہار کی راجدھانی پٹنہ کے جکن پور علاقے میں ایک ہوٹل کے کمرے میں برطانیہ سے آئے ایک 76 سالہ غیر مقیم بھارتی (این آر آئی ) کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق مرحوم کی شناخت ابھی کمار شرما کے طور پر ہوئی ہے۔ تھانہ سربراہ (SHO) رتوراج کمار سنگھ نے بتایا کہ کمار شرما 18 جنوری سے ہوٹل میں مقیم تھے۔ واقعے کا پتہ سوموار شام 4 بجے لگا جب ہوٹل کے عملے نے کمرے کا دروازہ کھٹکھٹایا، مگر اندر سے کوئی جواب نہیں ملا۔ بار بار فون کرنے پر بھی جب کوئی ردعمل نہیں آیا، تو عملے نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر جب دروازہ توڑا، تو شرما کو بستر پر مردہ پایا گیا۔ فرانزک ماہرین کی ٹیم نے ہوٹل کے کمرے سے شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ مرحوم کے جسم پر کسی بھی قسم کے زخم یا بیرونی نشانات نہیں ملے۔ موت کے اصل اسباب معلوم کرنے کے لیے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پٹنہ میڈیکل کالج اور ہسپتال (PMCH) بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق لندن میں مقیم ان کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے اور معاملے کی آگے کی جانچ جاری ہے۔