نئی دہلی:صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو، نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ اور وزیر اعظم نریندر مودی نے پیرس پیرا اولمپک میں ہائی جمپ ٹی 47 مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے نشاد کمار اور خواتین کے 200 میٹر ٹی 35مقابلہ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پریتی پال کو مبارکباد دی۔ صدرجمہوریہ مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا اور لکھا، ''پیرس پیرا اولمپکس میں ہائی جمپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر نشاد کمار کو دلی مبارکباد۔ ٹوکیو پیرالمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے کے بعد ہائی جمپ ایونٹ میں یہ ان کا لگاتار دوسرا چاندی کا تمغہ ہے۔ میں انکی مسلسل کامیابی کے لئے نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔ ایک اور پوسٹ میں، صدرجمہوریہ نے پریتی پال کو پیرس پیرا اولمپکس میں اپنا دوسرا کانسی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی اور لکھا پیرس پیرا اولمپکس میں خواتین کے 200 میٹر ٹی35 ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر پریتی پال کو مبارکباد۔
پیرس پیرالمپکس میں 100 میٹر کانسی کے بعد یہ ان کا دوسرا تمغہ ہے جو کہ ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے لیے پیرا ایتھلیٹکس کے دونوں تمغے جیتے ہیں۔ ہندوستان کو ان پر فخر ہے۔ نائب صدر جمہوریہ دھنکھڑنے ٹویٹر پر لکھا، “پیرس میں پیرا اولمپکس 2024 میں خواتین کے 200 میٹر ٹی 35 مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر پریتی پال کو دلی مبارکباد۔ پیرا اولمپکس میں یہ ان کا دوسرا تمغہ ہے۔ میں ان کی لگن، محنت اور ان کے عزم کو سراہتا ہوں۔میں ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کرتا ہوں۔ وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر کہا،پیرا اولمپکس 2024 میں مردوں کی ہائی جمپ ٹی47 مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں نشاد کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد۔
انہوں نے ہم سب کو دکھایا ہے کہ جذبے اور عزم کے ساتھ سب کچھ ممکن ہے۔ ہندوستان کو ان پر فرخ ہے۔“ ایک دیگر پوسٹ میں مسٹر مودی نے آج ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ پریتی پال کو جاری 2024 پیرس پیرالمپکس میں دوسرا تمغہ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پریتی پال کی ایک تاریخی کامیابی، جیسا کہ انہوں نے پیرالمپکس 2024 کے اس ایڈیشن میں خواتین کے 200میٹر ٹی 35 مقابلے میں کانسی کے ساتھ اپنا دوسرا تمغہ جیتا ہے! وہ ہندوستان کے لوگوں کے لیے ایک تحریک ہیں۔ ان کی لگن واقعی قابل ذکر ہے۔