نئی دہلی:آپریشن سندھو کے تحت اسرائیل اور ایران سے 4244 ہندوستانیوں کو بحفاظت واپس لایا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے آج یہاں ایک باقاعدہ بریفنگ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندھو کے تحت ہم نے اب تک 3426 ہندوستانیوں، 11 او سی آئی کارڈ ہولڈرز، 9 نیپالی شہریوں، 4 سری لنکن شہریوں اور ایک ہندوستانی شہری کے ایرانی شوہر کو ایران سے نکالا ہے۔ اس مقصد کے لیے کل ملاکر 14 خصوصی پروازوں کا (مشہد، یریوان، اشک آباد سے) اہتمام کیا گیا تھا۔
مسٹر جیسوال نے کہا کہ ہمیں سری لنکا اور نیپال کی حکومتوں سے بھی درخواستیں موصول ہوئی ہیں کہ وہ اپنے شہریوں کو نکالنے میں مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایران سے نکالے گئے زیادہ تر ہندوستانیوں میں طلبائ ، کارکنان اور زائرین شامل ہیں۔ ان میں تمل ناڈو کے 50 ماہی گیر شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرواز آج رات یریوان، آرمینیا سے لینڈ کرنے والی ہے۔
مسٹر جیسوال سے جب اسرائیل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ آپریشن سندھو کے تحت 818 ہندوستانی شہری اسرائیل سے 4 پروازوں (اردن اور مصر سے پروازیں) میں وطن واپس آئے ہیں۔ اسرائیل سے نکالے گئے ہندوستانی شہریوں میں زیادہ تر طلباء، کارکنان، دیکھ بھال کرنے والے اور پیشہ ور افراد شامل ہیں۔