تہران:ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ میں ایران کی فتح کا اعلان کرتے ہوئے ایرانی قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس‘ پر اپنے پیغام اور ٹیلی ویڑن پر نشر ہونے والے خطاب میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنگ میں ایران کی فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے فتح پر ایرانی قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، امریکہ کو اس جنگ سے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیل کی مکمل تباہی کے خدشے پر امریکہ جنگ میں شامل ہوا، امریکہ کو محسوس ہوگیا تھا وہ شامل نہ ہوا تو اسرائیل تباہ ہو جائے گا۔ خامنہ ای نے کہا کہ میری جانب سے ہمارے عزیز ایران کی امریکہ کے ظالم نظام پر فتح پر مبارک ہو، ہم پر دوبارہ جارحیت مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔
اپنے پیغام میں ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ نے امریکہ کے منہ پر زوردار طمانچہ مارا، اس نے حملہ کیا اور خطے میں امریکہ کے ایک اہم اڈے، العدید ایئر بیس کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے براہِ راست جنگ میں اس لیے شرکت کی، کیوں کہ اسے محسوس ہوا کہ اگر وہ ایسا نہ کرتا تو صہیونی نظام مکمل طور پر تباہ ہو جاتا، اس نے اس نظام کو بچانے کی کوشش میں جنگ میں قدم رکھا، لیکن کچھ حاصل نہ کر سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ایرانی قوم سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا تو ہم نے واضح کہا کہ سرینڈر کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا، بلکہ ہم نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ یہ ایک اہم بات ہے کہ اسلامی جمہوریہ کو خطے میں امریکہ کے اہم مراکز تک رسائی حاصل ہے، اور وہ جب چاہے کارروائی کر سکتا ہے، ایسی کارروائی آئندہ بھی دہرائی جا سکتی ہے، اگر کوئی جارحیت ہوئی تو دشمن کو یقیناً بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ یاد رہے کہ ایران-اسرائیل جنگ کے دوران امریکی صدر کی جانب سے سرنڈر کے مطالبے پر خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ایران کی تاریخ سے واقف لوگ جانتے ہیں کہ یہ قوم کبھی ہتھیار نہیں ڈالتی، ہم ذلت کے بجائے عزت کی موت کو ترجیح دیتے ہیں، امریکہ کو شکست ہوگی، اور اللہ کی مدد سے ایرانی قوم فتح یاب ہوگی۔