National News

نواز گرلز پبلک ا سکول کی طالبات کی صلاحیتیں قابل تحسین اور متاثر کن ہیں: ڈاکٹر وپن ٹاڈ ا

نواز گرلز پبلک ا سکول کی طالبات کی صلاحیتیں قابل تحسین اور متاثر کن ہیں: ڈاکٹر وپن ٹاڈ ا

دیوبند:سہارنپور کے ایس ایس پی ڈاکٹر وپن ٹاڈ انے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ مستقبل میں نواز گرلز پبلک اسکول کی طالبات ڈاکٹر اور سائنسدان بن کر معاشرے اور ملک کی بہت زیادہ خدمت کریں گی یہ بات انہوں نے معروف عصری ادارہ نواز گرلز پبلک اسکول دیوبندکے زیر اہتمام سائنس، آرٹ اور کرافٹ نمائش کا انعقاد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ جن طالبات نے بہترین ماڈل بنائے انہیں طالبات نے انگریزی زبان میں شاندار پریزینٹیشن دیکر حاضرین کا دل جیت لیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز گرلز پبلک سکول کی طالبات کی صلاحیتیں قابل تحسین اور متاثر کن ہیں۔لڑکیوں کی تعلیم کے میدان میں ڈاکٹر نواز دیوبندی کی خدمات سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہیں۔ میں نواز دیوبندی کے اس مقصد اس احساس اور اس کام کو سلام پیش کرتا ہوں، یہ بیٹیاں واقعی ہمارے ملک کا روشن مستقبل ہیں، میں نواز گرلز پبلک اسکول کی طالبات اور پروگرام میں شامل ہونے والی خواتین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ انجینئر، ڈاکٹر، سائنس دان اور ٹیچر بنکر ملک کا نام روشن کریں ساتھ ہی آپ سب سے میری خصوصی درخواست ہے کہ پولیس سروسز میں شامل ہو کر پولیس اور سماج کے درمیان جو فاصلہ ہے اسے کم کریں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین پولیس میں سنہری باب کا اضافہ کر کے پولیس اور معاشرے کے درمیان فاصلوں کو بہت حد تک کم کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج وقت بہت کم ہے، میں کسی موقع پر نواز گرلز پبلک اسکول میں آکر اس موضوع پر طالبات کے خیالات بھی سنوں گا اور پولیس خدمات پر اپنے خیالات بھی شیئر کروں گا۔
نمائش دیکھنے کے بعدایس ایس پی ڈاکٹر وپن ٹاڈ انے ایکزیبیشن کی کامیابی اور طالبات کی بہترین تربیت کے لئے اسکول انتظامیہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نمائش میں موجود ہر ماڈل اپنے آپ میں ایک خاص دلکشی رکھتا ہے، یہ صرف ایک ماڈل ہی نہیں بلکہ تعلیمی اور معلوماتی ذخیرہ ہے۔ اسی طرح آرٹ ا سٹوڈیو اور آرٹ گیلری میں آویزاں پینٹنگز اپنی طرف متوجہ کر رہی تھی۔طالبات کا بنایا ہوا مائی انڈیا کا ماڈل جس میں تمام ریاستوں کے تاریخی، تعلیمی اور مذہبی مقامات دکھائے گئے ہیں وہ ہماری قدیم تہذیب، پرانے دیہات سے لے کر مثالی شہروں تک کے ماڈل ملک کی تاریخ بیان کررہے تھے۔نمائش میں جہاں خانہ کعبہ اور مذہب اسلام سے متعلق معلومات سے متعلق ماڈلز بنائے گئے، وہیں بودھ مت کا راچی ا سپوت، عیسائیوں کا چرچ اور ہندو مت کے ویدوں کی معلومات پر مبنی ماڈل ہندوستانی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی علامت بنے رہے-
مہمان ذی وقارایس ڈی ایم دیوبند سنجیو کمار اور سی او دیوبند رام کرن سنگھ نے تمام طالبات کو نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیاں نہ صرف ہمارے خاندان کا بلکہ ملک اور سماج کا بھی انمول اثاثہ ہیں۔اس موقع پر میپلس اکیڈمی سے اجے متل، ڈاکٹر چترا جوشی، دون ویلی اسکول سے راج کشور گپتا، سرودئے گیان پبلک سکول سے روپیش سینی، الپائن پبلک سکول سہارنپور سے ثروت جمال، عظمت انٹر کالج سے ڈاکٹر انیتا اگروال اور فرح بتول، سماجی کارکن شیام کمار اگروال اور اسلامیہ انٹر کالج کے سابق پرنسپل شمیم فاروقی نے بھی مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی نمائش تعلیم کا حصہ ہے، اس سے طالبات میں ایک نیا ولولہ اور نیا شوق پیدا ہوتا ہے۔
نمائش میں وجاہت شاہ، ماسٹر خورشید احمد، ریاست حسین، حافظ عثمان، اسامہ ملک، احسن الہی، اعظم، دانش خان، ذکی انجم، انس عثمانی نے خصوصی تعاون کیا۔پروگرام کے آخر میں اسکول کے بانی ڈاکٹر نواز دیوبندی نے مہمان خصوصی ڈاکٹر وپن ٹاڈا کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کی موجودگی کو اسکول کے لئے باعث فخر قرار دیا۔انہوں نے طالبات کے ساتھ ساتھ اسکول انتظامیہ،ادارہ کی پرنسپل فوزیہ خان اور نمائش میں مدعو تمام والدین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی موجودگی نے میری ہمت اور میرے شوق کو نئی زندگی بخشی ہے۔ڈاکٹر نواز دیوبندی نے کہا کہ سماج کے ذمہ داروں کو چاہیے کہ وہ صرف بیٹوں کو ہی نہیں بلکہ بیٹیوں کو بھی پڑھائیں، بیٹیوں کی تعلیم سے معاشرے میں بڑا انقلاب آئے گا۔
واضح رہے کہ معروف عصری ادارہ نواز گرلز پبلک اسکول دیوبندکے احاطے میں اسکول مینجمنٹ کے زیر اہتمام سائنس، آرٹ اور کرافٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا،جس میں اسکولی طالبات نے گلوبل وارمنگ کا نقشہ، لال قلعہ،جامعہ مسجد دہلی، پارلیمنٹ ہاز، غار حرا، راکٹ ٹکنالوجی، اسپتال، روبوٹ، اسنو سٹی، میٹرو اسٹیشن، تاج محل اورقطب مینار سمیت تقریبا 500سے زائد نمونوں کے علاوہ سائنس و ٹیکنیکل پروگرام کو بہترین انداز میں پیش کیا۔ ایکزیبیشن کے علاوہ مفت ہیلتھ چیک اپ کیمپ، فوڈ فیسٹ پروگرام کا بھی اہتمام رہا۔



Comments


Scroll to Top