نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے محترمہ سشیلا کارکی کو نیپال کی عبوری حکومت کی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی ہے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر محترمہ کارکی کو مبارکباد دیتے ہوئے مسٹر مودی نے لکھامحترمہ سشیلا کارکی کو نیپال کی عبوری حکومت کی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد۔ ہندوستان نیپال کے بھائیوں اور بہنوں کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
قبل ازیں وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ہم نیپال میں محترمہ سشیلا کارکی کی قیادت میں نئی عبوری حکومت کی تشکیل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ اس سے امن اور استحکام کو فروغ ملے گا۔
وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ایک قریبی پڑوسی، ایک جمہوری ملک اور ایک طویل مدتی ترقیاتی شراکت دار کے طور پر، ہندوستان دونوں ممالک اور لوگوں کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے نیپال کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ نیپال میں سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف 8 ستمبر کو شروع ہونے والی جین زی تحریک، پرتشدد مظاہرے اور مسٹر کے پی اولی وزیر اعظم کے عہدے سے استعفیٰ کے بعد محترمہ کارکی نے جمعہ کی رات نیپال کی عبوری حکومت کی وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا تھا۔