National News

مودی کا منی پور کا دورہ کرنا بہت اچھا قدم، مگر حضور آتے آتے بہت دیر کردی: راہل-پرینکا

مودی کا منی پور کا دورہ کرنا بہت اچھا قدم، مگر حضور آتے آتے بہت دیر کردی: راہل-پرینکا

نئی دہلی:لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے منی پور کے دورے کو اچھا قدم بتایا لیکن کہا کہ انہیں ریاست میں امن قائم کرنے کے لئے بہت پہلے ہی دورہ کرنا چاہئے تھا جو دو سال سے زیادہ عرصے سے تشدد کی آگ میں جل رہی ہے وزیر اعظم کے منی پور دورے کے سلسلے میں صحافیوں کے ایک سوال پر مسٹر راہل گاندھی نے کہا، "وزیر اعظم نریندر مودی کا منی پور دورہ اچھا قدم ہے، لیکن ملک میں ووٹ چوری کا معاملہ منی پور کے دورے سے بڑا ہے۔

مسٹر راہل گاندھی منی پور کے فرقہ وارانہ تشدد پر وزیر اعظم کو مسلسل نشانہ بناتے رہے ہیں اور ان سے جواب مانگتے رہے ہیں کہ وہ کب منی پور جا رہے ہیں اور وہاں کے حالات کو معمول پر لانے کے لیے کیا اقدامات کر رہے ہیں۔محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا،مجھے خوشی ہے کہ وزیر اعظم نے دو سال کے بعد منی پور کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہیں بہت پہلے جانا چاہئے تھا۔ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ انہوں نے تشدد کی صورتحال کو اتنے لمبے عرصے تک وہاں برقرار رہنے دیا۔

یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ وہاں اتنی زیادہ اموات ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ اتنے عرصے بعد تشدد زدہ علاقے کا دورہ کرنا ہندوستان کے وزرائے اعظم کی روایت کے مطابق نہیں ہے۔ خواہ وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں، وہ غم اور تکلیف کے وقت لوگوں کے بیچ پہنچتے رہے ہیں۔ آزادی کے بعد سے یہ روایت چلی آ رہی ہے۔ مسٹر نریندر مودی ریاست بھر میں تشدد پھوٹنے کے دو سال بعد یہ کام کر رہے ہیں۔ انہیں اس کے بارے میں پہلے سوچنا چاہیے تھا، جس میں انہوں نے بہت دیر کردی۔



Comments


Scroll to Top