نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے تلنگانہ میں ایک کیمیکل فیکٹری میں ہونے والے دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور حادثے میں ہلاک ہونے والے ہر فرد کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں مسٹر مودی نے کہاکہ "میں تلنگانہ کے سنگاریڈی میں ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے المناک واقعہ میں جانوں اور املاک کے نقصان سے غمزدہ ہوں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے تئیں تعزیت پیش کرتا ہوں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
اس پوسٹ کے ذریعے وزیر اعظم نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50،000 روپے دینے کا اعلان کیا۔ یہ رقم زخمیوں کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ (پی این ار ایف) سے دی جائے گی۔
واضح رہے کہ تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں آج صبح ایک کیمیکل فیکٹری کے ری ایکٹر میں دھماکے سے 6 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے۔ ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔