National News

اندور میں آلودہ پانی سے شہریوں کی موت پر مودی کی خاموشی حیران کن: کھرگے

اندور میں آلودہ پانی سے شہریوں کی موت پر مودی کی خاموشی حیران کن: کھرگے

نئی دہلی:کانگرس صدر ملکارجن کھرگے نے اندور میں آلودہ پانی پینے سے لوگوں کی موت اور کئی دیگر کے بیمار ہونے کی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس معاملے پر بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے مسٹر کھرگے نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں مسٹر مودی پر براہِ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جل جیون مشن اور سوچھ بھارت ابھیان کا ڈھنڈورا پیٹنے والے مسٹر مودی، ہمیشہ کی طرح اندور میں آلودہ پانی پینے سے ہوئی اموات کے معاملے پر خاموش ہیں۔
کانگریس صدر نے کہا کہ یہ وہی اندور شہر ہے جس نے مرکزی حکومت کے سوچھ سرویکشن میں لگاتار آٹھویں بار ’سب سے صاف‘ شہر ہونے کا خطاب جیتا ہے۔ یہ شرمناک بات ہے کہ یہاں بی جے پی کی نااہلی کے باعث لوگ صاف پانی کے لیے ترس رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں سے ملک صرف لمبے چوڑے خطابات، جھوٹے دعوے، کھوکھلے وعدے اور ڈبل انجن کی ڈینگیں سن رہا ہے۔ کمال یہ ہے کہ اس واقعے پر جب مدھیہ پردیش کے ایک وزیر سے سوال کیا جاتا ہے تو وہ گالی گلوچ پر اتر آتے ہیں۔ اقتدار کے غرور میں صحافی پر ہی حملہ آور ہو جاتے ہیں۔ بی جے پی کے اقتدار میں ہر جگہ یہی صورتحال ہے اور جب حقائق سامنے آتے ہیں تو بی جے پی حکومتوں کی بدانتظامی پر پوری مشینری پردہ ڈالنے میں لگ جاتی ہے۔
مسٹر کھرگے نے کہا کہ جل جیون مشن سمیت ہر اسکیم میں بدعنوانی اور دھاندلی ہے۔ یاد دلانا ضروری ہے کہ جل جیون مشن کے 10 فیصد فنڈ کا مقصد آلودہ پانی کو صاف کرنا ہے۔ مودی حکومت اور بی جے پی نہ تو ملک کو صاف پانی فراہم کر پائی ہیں اور نہ ہی صاف ہوا۔ اس کا خمیازہ عام عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔



Comments


Scroll to Top