National News

شہری حقوق کی تنظیم جن ہستکشیپ نے یو این آئی پر پولس کارروائی کی مذمت کی

شہری حقوق کی تنظیم جن ہستکشیپ نے یو این آئی پر پولس کارروائی کی مذمت کی

نئی دہلی: شہری حقوق کے گروپ جن ہستکشیپ نے دہلی پولس کے ذریعہ ملک کی باوقار نیوز ایجنسی یونائیٹڈ نیوز آف انڈیا کے ہیڈ کوارٹر سے ملازمین کی جبری بے دخلی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو "فسطائی عزائم" کا حصہ قرار دیا ہے اور حکومت کے میڈیا مخالف موقف پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے جن ہستکشیپ کی طرف سے یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق، بروز جمعہ 20 مارچ کی شام، دہلی ہائی کورٹ کے ایک حکم کا حوالہ دیتے ہوئے سی آر پی ایف اور دہلی پولیس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد یو این آئی کیمپس میں داخل ہوئی۔ یہ الزام لگایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے صحافیوں اور غیر صحافی ملازمین بشمول خواتین صحافیوں اور عملہ سے دھکا مکی اور بدسلوکی کی۔ خبر رساں ایجنسی کے تمام ملازمین کو دفتر سے باہر دھکیل دیا گیا، اور کیمپس کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔
اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہلی ہائی کورٹ نے شہری ترقی کی وزارت کے محکمے کو فوری طور پر قبضہ سونپنے کا حکم دیا تھا، جس میں چند گھنٹے کی بھی مہلت نہیں دی گئی۔ ملازمین کا دعویٰ ہے کہ جب افسران اور پولس فورس تین بسوں میں یو این آئی کے احاطے پر پہنچی تو اس وقت تک عدالت کا تحریری حکم نامہ ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ نہیں کیا گیا تھا۔
'جن ہستکشیپ' کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر وکاس واجپئی اور کوآرڈینیٹر اور سینئر صحافی انیل دوبے نے اس پوری کارروائی کو ایمرجنسی کے سیاہ دنوں کی یاد دلانے والی وحشیانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ ان عہدیداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا اداروں کے وقار کو برقرار رکھا جائے اور اس قسم کی سخت کارروائیوں کو روکا جائے۔



Comments


Scroll to Top