نئی دہلی:پارلیمنٹ کے جاری مانسون اجلاس کے دوران مرکزی حکومت نے لوک سبھا میں جانکاری دی 'نمو ڈرون دیدی' اسکیم کے تحت کل 14,500 ڈرون منظور کیے گئے ہیں، جن میں سے 1,021 ڈرون پنجاب کو اور 583 ڈرون ہریانہ کو دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہماچل کو بھی 75 ڈرون ملیں گے۔ اس اسکیم کا مقصد دیہات کی خواتین کو ڈرون پائلٹ بنا کر زراعت سے متعلق کام کے لیے تیار کرنا ہے۔
اس اسکیم کو خواتین کو خود انحصار بنانے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کی سمت میں ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ڈرون کے ذریعے زرعی کام جیسے کھادوں اور کیڑے مار ادویات کا چھڑکاو¿، پیمائش اور وزن اور نقشے بنانا آسان ہو جائیں گے۔
ڈرون کے استعمال سے دیہاتوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور زراعت کی لاگت میں بھی کمی آئے گی۔ اس تجربے کو ماڈل کے طور پر لیتے ہوئے حکومت ہند دیگر ریاستوں میں بھی اس کے استعمال میں اضافہ کرے گی۔
قابل ذکر ہے کہ اس اسکیم کو وزیر اعظم نریندر مودی نے نومبر 2023 میں شروع کیا تھا۔ اپنی یوم آزادی کی تقریر کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ کم از کم 15 ہزار دیدیوں کو ڈرون چلانے کی تربیت دی جائے گی، جس سے زراعت کے شعبے میں اہم فائدہ ہوگا۔