بیجنگ: چین نے نیپال کی نئی عبوری وزیر اعظم سشیلا کارکی کو باضابطہ طور پر مبارکباد دی ہے۔ چین کی وزارت خارجہ نے اتوار کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیپال اور چین کے درمیان پرانی اور گہری دوستی ہے اور بیجنگ ہمیشہ کھٹمنڈو کے فیصلوں کا احترام کرتا ہے۔ 73 سالہ سشیلا کارکی نے گزشتہ جمعہ کو حلف لیا تھا۔ اس سے قبل نیپال میں ایک ہفتے تک پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جس کے بعد انہیں عبوری وزیر اعظم مقرر کیا گیا ۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ چین میڈم سشیلا کارکی کو وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ چین اور نیپال کے درمیان پرانی دوستی ہے اور ہم نیپال کے عوام کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ چین نیپال کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کے پانچ اصولوں، مختلف شعبوں میں تبادلے اور تعاون کو بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔