نئی دہلی:وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی کے 11 سالہ دورحکومت کی تعریف کرتے ہوئے اسے ’غیر معمولی ترقی‘ اور ’سیاسی، سماجی اور معاشی تبدیلیوں کا عہد‘ قرار دیا ہے۔
مسٹر سنگھ نے دفاعی شعبے میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی خود انحصاری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مودی کے خود کفیل ہندوستان کے وڑن نے ملک کو عالمی سطح پر سرفہرست پانچ معیشتوں میں اعتماد کے ساتھ کھڑا ہونے کے قابل بنایا ہے۔ انہوں نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سلسلہ وار پوسٹس میں کہا، ” ہندوستان آج اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کے ساتھ پوری طرح تیار اور پراعتماد ہے۔“
وزیر دفاع نے گزشتہ دہائی کے وسیع اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ”خدمت کے یہ 11 سال ہمارے مجاہدین آزادی اور آئین کے معمار کے خوابوں کو حقیقت بنانے کی کہانی سنا رہے ہیں، جنہوں نے ایک ایسی جمہوریت کا تصور کیا تھا جو نہ صرف سیاسی ہو، بلکہ سماجی اور معاشی نوعیت کی بھی ہو۔“ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وزیراعظم کی متحرک قیادت میں ہندوستان نہ صرف ترقی کر رہا ہے، بلکہ ”عالمی برادرمیں اپنا مناسب مقام“ حاصل کرنے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔
مسٹر سنگھ نے اس تبدیلی کی سفر میں تعاون کرنے والے ہر شہری کو بھی مبارکباد دی اور کہا، ”ہم ایک ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں - مضبوط، فخر کے ساتھ اور متحد۔“ مودی حکومت کی اہم کامیابیوں کو نمایاں کرتے ہوئے وزیر دفاع نے ان اقدامات کی طرف اشارہ کیا جنہوں نے شہریوں کے لیے زندگی کو آسان بنانے اور کاروباری افراد کے لیے کاروبار کی سہولت کو بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کوبااختیار بنانے سے لے کر کسانوں کی بہبود تک، انتظامیہ نے ”معاشرے کے ہر طبقے کی ترقی اور مضبوطی کے لیے مرکوز اور پرعزم کوششوں “کے ساتھ کام کیا ہے۔
وزیر دفاع نے سوچھ بھارت ابھیان، آیوشمان بھارت اور اجّولا یوجنا جیسی اہم فلاحی اسکیموں کو تاریخی اقدامات قرار دیا، جنہوں نے لاکھوں غریب لوگوں کے لیے عزت، صحت اور بااختیار ہونے کو یقینی بنایا ہے۔مسٹر سنگھ نے کہا اس کے ساتھ ہی شاہراہوں سے لے کر ریلوے تک، اسمارٹ شہروں سے لے کر ڈیجیٹل رابطے تک فزیکل بنیادی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر توسیع اور صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم میں انسانی وسائل کو مضبوط کر کے ایک نئے ہندوستان کی بنیاد رکھی گئی ہے۔