نئی دہلی:کانگریس اناو عصمت دری معاملے میں ہائی کورٹ کے فیصلے پر روک لگانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ متاثرہ اور اس کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کی جیت ہے مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے پیر کو یہاں نامہ نگاروں سے کہاآج سپریم کورٹ کے فیصلے نے ہائی کورٹ کے اس فیصلے پر روک لگا دی ہے، جس میں کلدیپ سنگھ سینگر کو ضمانت دی گئی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ نابالغ کی عصمت دری اور اس کے کنبہ کے افراد کے قتل کا مجرم بی جے پی کا سابق ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر جیل سے باہر نہیں ائے گا۔ یہ متاثرہ، اس کے اہل خانہ اور اس کے ساتھ کھڑی ہر اواز کی جیت ہے۔ لیکن یہ لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی حملہ کیا اور کہا کہ مسٹر مودی کہتے تھے کہ نابالغوں کی عصمت دری کرنے والوں کو جرم ثابت ہوتے ہی پھانسی پر لٹکا دیا جائے گا، لیکن سب نے دیکھا ہے کہ عصمت دری کرنے والوں اور مجرموں کو کس طرح تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ کلدیپ سینگر کا معاملہ اب سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ کلدیپ سنگھ سینگرہوں، انکیتا بھنڈاری کے مجرم ہوں یا بلقیس بانو کے، مسٹر مودی اور ان کی حکومت ہر معاملے میں بے نقاب ہوئی ہے۔ آج انصاف کی جیت ہوئی ہے، لیکن یہ لڑائی انصاف کی فراہمی تک جاری رہے گی۔
محترمہ لامبا نے کہا کہ جب کلدیپ سنگھ سینگر کو ضمانت ملی تو متاثرہ اپنی ماں کے ساتھ انڈیا گیٹ پر احتجاج پر بیٹھی، تو بی جے پی اور اس کے حامیوں نے اس کا مذاق اڑایا۔ کلدیپ سنگھ سینگر کو ضمانت ملی، کیونکہ سی بی آئی نے کمزور لڑائی لڑی۔ انہوں نے کہا، "ان سب کے درمیان کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے اپنے گھروں کے دروازے کھولے اور متاثرہ لڑکی اور اس کے خاندان کو یقین دلایا کہ جب تک انہیں انصاف نہیں مل جاتا وہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ہم نے یہ لڑائی قانونی طور پر لڑنے کے ساتھ ہی سڑکوں پر بھی جدوجہد کی۔
انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کے مجرموں کی رہائی اور پیرول پر چھوڑنے کا تماشہ ختم ہونا چاہیے۔ انہیں سزائے موت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ملک کی مظلوم بیٹیوں کو انصاف ملنے تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔