گورکھپور:اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شدید سردی کے باوجود پیر کے روز گورکھپور میں عوام کے مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہوئے عوامی خدمت کا عمل جاری رکھا انہوں نے گورکھناتھ مندر میں ’جنتا درشن‘ کا انعقاد کرکے لوگوں سے ملاقات کی اور انہوں نے لوگوں کے مسائل سنے۔ مسائل لے کر آئے لوگوں سے دوستانہ انداز میں بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پریشان مت ہوں، ہر مسئلے کا حل کرائیں گے اور حکومت سب کی بھرپور مدد کرے گی۔
’جنتا درشن‘ میں وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ ہر متاثرہ شخص کے مسئلے پر حساسیت کے ساتھ توجہ دیں اور شفافیت کے ساتھ فوری طور پر مسئلہ حل کرائیں۔ ’جنتا درشن‘ کے دوران وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تقریباً 150 لوگوں کے مسائل سنے اور افسران کو ان کے حل کی ہدایت دی۔ کرسیوں پر بیٹھے لوگوں تک وزیراعلیٰ خود پہنچے اور ایک ایک کر کے سب کے مسائل سنے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ سب کے مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔ کسی کو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
کچھ لوگوں کی جانب سے زمین پر قبضے کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا اگر کوئی مافیا کسی کی زمین زبردستی قبضہ کر رہا ہے تو اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے، غریبوں کو بے گھر کرنے والوں کو بالکل نہیں بخشا جائے۔ جہاں پیمائش کی ضرورت ہو وہاں پیمائش کروا کے تنازعہ حل کیا جائے۔ خاندانی تنازعات کے معاملات میں انہوں نے فریقین سے بات چیت کرکے حل نکالنے کی ہدایت دی۔