National News

حکومت بدلی تو نالندہ میں بنے گی دنیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی: راہل گاندھی

حکومت بدلی تو نالندہ میں بنے گی دنیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی: راہل گاندھی

نالندہ:لوک سبھا میںاپوزیشن لیڈر اور کانگرس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے جمعرات کو کہا کہ ایک وقت تھا جب نالندہ میں دنیا بھر سے لوگ تعلیم حاصل کرنے آیا کرتے تھے لیکن آج ریاست میں تعلیم کی حالت نہایت بدتر ہے اور اکثر معاملات میں امتحانات کے پرچے لیک ہو جاتے ہیں، جس سے ذہین طلبہ کے لیے آگے بڑھنا مشکل ہو جاتا ہے راہل گاندھی نے قدیم زمانے میں تعلیم کے مرکز کے طور پر مشہور نالندہ میں منعقدہ عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بہار میں مہاگٹھ بندھن اور مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنتی ہے تو نالندہ میں دنیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی قائم کی جائے گی اور اس کی تعلیم کے شعبے میں اس کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قدیم دور میں اسی نالندہ کی سرزمین پر چین، جاپان، کوریا، کمبوڈیا اور یورپ سمیت دنیا کے بے شمار ممالک سے طلبہ پڑھنے کے لیے آیا کرتے تھے، لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ وہی تعلیم کا مرکز بہار آج پیپر لیک کا مرکز بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں تعلیم کے فروغ کے لیے نالندہ یونیورسٹی کی بحالی نہایت ضروری ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بہار میں ایسی تعلیمی فضا قائم کرنے کی ضرورت ہے کہ یہاں کے طلبہ باہر نہ جائیں بلکہ دنیا بھر سے طلبہ دوبارہ بہار پڑھنے کے لیے آئیں۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بہار میں 20 سالہ قدیم نتیش حکومت اب بے بس ہو چکی ہے اور اس کا ریموٹ کنٹرول وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور ناگپور میں بیٹھے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار اب محض ایک ربڑ اسٹیمپ بن کر رہ گئے ہیں اور ریاست کے انتظامی فیصلے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے چند مخصوص رہنما کرتے ہیں۔ ایسی صورت میں بہار کی تیز رفتار اور مناسب ترقی ممکن نہیں۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم مودی ملک کے باشندوں کو گمراہ کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کبھی مودی جی جمناندی کے کنارے چھٹھ گھاٹ پر صاف پانی ڈال کر ندی میں نہانے کا ناٹک کرتے ہیں، اور کبھی بہار کے نوجوانوں کو سستے انٹرنیٹ کے نام پر انسٹاگرام اور فیس بک پر ریل بنانے کا مشورہ دے کر انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے نوجوانوں کا بھلا روزگار دینے سے ہوگا، نہ کہ سوشل میڈیا پر ریل اپ لوڈ کرنے سے۔



Comments


Scroll to Top