ڈیڈیاپاڑا: وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو گجرات کے ضلع نرمدا کے ڈیڈیاپاڑا میں برسا منڈا کی 150ویں جینتی کے موقع پر منعقد تقریب میں شرکت کی اور ملک بھر میں قبائلی فلاح و بہبود کے لیے 9,700 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دیا وزیراعظم کی موجودگی میں قومی سطح پر جن جاتیہ گورو دیوس کا جشن منایا گیا، جس میں ملک کے مختلف خطوں سے آئے قبائلی فنکاروں نے روایتی ماحول میں اپنی ثقافت اور فن کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپندر پٹیل بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے مختلف بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح و سنگِ بنیاد رکھا اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے برسا منڈا کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور انہیں اعزاز سے نوازا۔ پی ایم مودی پہلے وزیراعظم ہیں جو جھارکھنڈ میں برسا منڈا کے گھر گئے۔
اس دوران وزیراعظم نے قبائلی برادریوں کی ترقی اور دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے مقصد سے متعدد اہم منصوبوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے پی ایم۔جنمن اور دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اتکرش ابھیان کے تحت تعمیر شدہ 1,00,000 گھروں کے گرہ پرویش پروگرام میں بھی حصہ لیا۔
وزیراعظم نے تقریباً 1,900 کروڑ روپے کی لاگت سے قبائلی طلبہ کے لیے مخصوص 42 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں، 228 ملٹی پرپز کمیونٹی سینٹرز، ڈبروگڑھ کے آسام میڈیکل کالج میں اہلیتی سینٹر اور منی پور کے امپھال میں قبائلی ثقافت و ورثے کے تحفظ کے لیے قائم قبائلی تحقیقی ادارہ (ٹی آر آئی) کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے گجرات کے 14 قبائلی اضلاع کے لیے 250 نئی بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی تاکہ نقل و حمل بہتر بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے قبائلی علاقوں میں رابطہ بہتر بنانے کے لیے 748 کلومیٹر نئی سڑکوں، 14 قبائلی ملٹی مارکیٹنگ سینٹرز اور 2,320 کروڑ روپے کی لاگت سے 50 نئے ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کی بنیاد رکھی، جس سے قبائلی بچوں کو معیاری تعلیم دینے کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے جن جاتیہ گورو دیوس کے موقع پر دیوموگرا ماتا مندر میں حاضری دی، پوجا کی اور ملک کی ترقی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے اس تجربے کو مقدس قرار دیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مندر پر جاکر ماتا کا آشیرواد حاصل کریں۔ ستپڑا پہاڑی علاقے میں واقع یہ مندر قبائلی برادری کے عقیدے کا اہم مرکز ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ قبائلی ہیروز کی بہادری اور بیش قیمتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے پورے ملک میں جن جاتیہ گورو دیوش منایا جا رہا ہے۔