National News

مسلم طلبہ کو جامع تعلیم سے محروم کرنا ناانصافی ہے:محبوبہ مفتی

مسلم طلبہ کو جامع تعلیم سے محروم کرنا ناانصافی ہے:محبوبہ مفتی

جموں:پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعہ کو واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں میرٹ کو نظرانداز کرنا اور نشستوں کی تقسیم کو مذہب کی بنیاد پر طے کرنے کا مطالبہ نہ صرف غلط ہے بلکہ اس سے جموں و کشمیر سمیت پورے ملک کے سماجی تانے بانے کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے کٹڑہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا، ’یہ بہت غلط ہے کہ میرٹ کو نظرانداز کرکے مذہب کی بنیاد پر نشستوں کی مانگ کی جائے۔ اگر ایسی روایت یہاں شروع ہوئی تو پورے ملک کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔‘ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے آئے مسلم طلبہ کو داخلہ ملنے پر اعتراض کرنا نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ سماج میں تقسیم پیدا کرنے کی خطرناک کوشش بھی ہے۔
پی ڈی پی صدر نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں کے قیام کا مقصد ہمیشہ یہ رہا کہ جو طالب علم میرٹ رکھتا ہو، وہ چاہے کسی بھی مذہب یا علاقے سے تعلق رکھتا ہو، اسے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا پورا حق ملے۔ انہوں نے کہا کہ جموں ہمیشہ ایسا خطہ رہا ہے جہاں شیر اور بکری ایک ہی گھاٹ سے پانی پیتے تھے۔
اپنی یاترا کے حوالے سے محبوبہ نے بتایا کہ وندے بھارت ٹرین کے ذریعے سری نگر سے کٹڑہ تک کا سفر ایک خوشگوار تجربہ تھا اور انہیں اپنے کالج کے دن یاد آگئے۔



Comments


Scroll to Top