پٹنہ،: قومی گیت ’وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر بی جے پی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ’وندے ماترم 150 سالہ اتسو پروگرام‘ سے خطاب کرتے ہوئےمرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ’وندے ماترم‘ نے ملک کے شہریوں کے دلوں میں قوم پرستی کی شمع روشن کر کے آج بھی نوجوانوں میں اتحاد، حب الوطنی اور نئی توانائی کا سرچشمہ بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم قومی گیت اس سال اپنے 150 سال مکمل کر رہا ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا، ”آج کا دن ہندوستانی شعور کی بیداری کا دن ہے۔“ انہوں نے کہا، ”اسی دن 150 سال قبل بنکم چندر چٹوپادھیائے جی نے ’وندے ماترم‘ کو عوام کے سامنے پیش کیا تھا۔ بنکم بابو نے اس گیت کی تخلیق کر کے قومی شعور کا ایک عظیم منتر قوم کو دیا، جو آگے چل کر آزادی کا نعرہ اور تحریک کا بنیادی اصول بنا۔“
مسٹر شاہ نے کہا کہ ’وندے ماترم‘ محض الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ ہندوستان کی روحانی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگریز حکومت کے خلاف ’وندے ماترم‘ نے قوم کو متحد کر کے آزادی کے جذبے کو تقویت بخشی اور انقلابیوں کے دلوں میں مادرِ وطن کے تئیں پختہ عزم ، فخر اور قربانی کا جذبہ بیدار کیا۔ملک گیر سطح پر آزادی کی تحریک کی آواز بننے والا ’وندے ماترم‘ آج ترقی یافتہ ہندوستان 2047 کے عزم کے لیے بھی تحریک بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا، ”ہم سب جانتے ہیں کہ آزادی کی تحریک کے رہنماوں نے جس عظیم ہندوستان کا خواب دیکھا تھا، پچھلے 11 برسوں میں قوم کی اجتماعی کوششوں سے ان خوابوں کی تکمیل کی سمت میں بہت سے کام انجام دیے گئے ہیں۔“
مسٹر شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ’وندے ماترم‘ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے اہل خانہ اور سماج کے ساتھ مل کر ’وندے ماترم‘ کے مکمل گیت کو اجتماعی طور پر گائیں، تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس نغمے سے تحریک حاصل کرتی رہیں۔