Latest News

اقوام متحدہ میں رقم ہوئی تاریخ: پہلی بار یو این سربراہ گوتریس نے ہندی - اردو میں جاری کیا نئے سال کا پیغام

اقوام متحدہ میں رقم ہوئی تاریخ: پہلی بار یو این سربراہ گوتریس نے ہندی - اردو میں جاری کیا نئے سال کا پیغام

انٹرنیشنل ڈیسک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پہلی مرتبہ سال 2026 کے لیے اپنا نیا سال پیغام ہندی اور اردو سمیت مجموعی طور پر گیارہ زبانوں میں جاری کیا ہے۔ یہ پیغام اقوام متحدہ کی چھ سرکاری زبانوں عربی، چینی، انگریزی، فرانسیسی، روسی اور ہسپانوی کے علاوہ ہندی اور اردو میں بھی دستیاب کرایا گیا ہے۔ ان کے ویڈیو پیغام میں ہندی سب ٹائٹلز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ نئے سال کے موقع پر گوتریس نے عالمی رہنماؤں سے جنگ اور تباہی کے بجائے ترقی میں سرمایہ کاری کرنے کی پرزور اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے۔ ہر طرف بد نظمی اور غیر یقینی صورتحال ہے۔ لوگ سوال کر رہے ہیں کہ کیا رہنما واقعی سن رہے ہیں اور کیا وہ عملی اقدامات کے لیے تیار ہیں۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے بتایا کہ دنیا کی ایک چوتھائی سے زیادہ آبادی تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں رہ رہی ہے جبکہ بیس کروڑ سے زائد افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگوں، آفات اور جبر کے باعث تقریباً 12 کروڑ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ گوتریس نے بڑھتے ہوئے فوجی اخراجات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی فوجی اخراجات بڑھ کر2.7  ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جو تقریبا دس فیصد اضافے کی عکاسی کرتے ہیں۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو یہ اخراجات 2035 تک6.6  ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ رقم عالمی ترقیاتی امداد سے تیرہ گنا زیادہ ہے اور پورے افریقی براعظم کی مجموعی قومی پیداوار کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نئے سال پر ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہماری ترجیحات درست ہوں۔ ایک محفوظ دنیا کی شروعات غربت کے خلاف زیادہ سرمایہ کاری اور جنگوں کے خلاف کم سرمایہ کاری سے ہوتی ہے۔ امن کا غلبہ ہونا چاہیے۔
 قابل ذکر ہے کہ2018  میں  ہندوستان  اور اقوام متحدہ کے درمیان ہندی منصوبے کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت طے پائی تھی جس کے تحت اقوام متحدہ کی خبروں اور پیغامات کی ہندی میں ترسیل کی جا رہی ہے۔
 



Comments


Scroll to Top