لندن: برطانیہ نے ہفتے کے روز ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی کارروائی روکنے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک سے کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آج کی جنگ بندی بہت خوش آئند ہے۔ میں دونوں فریقوں سے اسے برقرار رکھنے کی اپیل کرتا ہوں۔ کشیدگی کو کم کرنا سب کے مفاد میں ہے۔
ہندوستان اور پاکستان کے فوجی کارروائی کو روکنے کے معاہدے کا اعلان خطے میں جاری فوجی تنازعہ کے درمیان ہوا ہے، جس پر لیمی نے شدید تشویش کا اظہار کیا تھا اور دونوں ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ ایک ایسی بات چیت کی طرف بڑھیں جو فوری اور دیرپا جنگ بندی کو یقینی بنائے۔ اس سے قبل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور امریکہ کے G-7 وزرائے خارجہ اور یورپی یونین (EU) کے اعلی نمائندے کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں، برطانیہ نے 22 اپریل کو پہلگام میں گھناو¿نے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی تھی اور ہندوستان اور پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ فوجی کشیدگی میں مزید اضافہ علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن جائے گا۔ ہم دونوں ممالک کے شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے انتہائی فکر مند ہیں۔ ہم کشیدگی کو فوری طور پر کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور ہندوستان اور پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ پرامن حل کے لیے براہ راست بات چیت میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہیں۔