Latest News

ٹرمپ کی بڑی وارننگ : پورے ایران کو ایک رات میں تباہ کیا جاسکتا ہے ، وہ رات کل بھی ہو سکتی ہے

ٹرمپ کی بڑی وارننگ : پورے ایران کو ایک رات میں تباہ کیا جاسکتا ہے ، وہ رات کل بھی ہو سکتی ہے

انٹر نیشنل ڈیسک: ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک کو ایک ہی رات میں تباہ کیا جا سکتا ہے اور وہ رات کل بھی ہو سکتی ہے۔ ٹرمپ نے ایران کے پلوں اور بجلی گھروں کو تباہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ انہیں جنگی جرائم کی بالکل فکر نہیں ہے۔ امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر تہران نے منگل کی رات آٹھ بجے تک ہتھیار نہ ڈالے تو ایران کے شہری ڈھانچے پر حملے کیے جائیں گے۔ امریکہ کے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ آج سب سے زیادہ حملے ہوں گے اور کل آج سے بھی زیادہ حملے کیے جائیں گے۔
آخری مہلت، ہرمز کھولنے کا الٹی میٹم
اس سے پہلے ایران نے  45 دن کی جنگ بندی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ کا مستقل خاتمہ چاہتا ہے۔ ٹرمپ نے امریکہ کے صدارتی رہائش اور دفتر وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پورے ملک پر ایک ہی رات میں قبضہ کیا جا سکتا ہے اور وہ رات کل  بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمجھوتے کے لیے ایران کو دی گئی مہلت  منگل رات آٹھ بجے  تک ہے۔ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر آبنائے  ہرمز  کھول دے یا پھر بجلی گھروں اور پلوں پر حملوں کے لیے تیار رہے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ ایران نے سمجھوتے کے بارے میں پاکستان کے ذریعے امریکہ کو اپنا جواب دے دیا ہے۔ قاہرہ میں ایرانی سفارتی مشن کے سربراہ مجتبیٰ فردوسی پور نے کہا کہ ہم صرف جنگ بندی قبول نہیں کریں گے۔ ہم جنگ کے خاتمے کو اسی وقت مانیں گے جب ہمیں یہ یقین دہانی دی جائے کہ ہم پر دوبارہ حملہ نہیں کیا جائے گا۔
اسرائیلی حملے میں انقلابی گارڈ کے ایک اعلی کمانڈر کی ہلاکت
فردوسی پور نے کہا کہ آبنائے ہرمز  پر ایرانی اور عمانی حکام جہاز رانی کے اس اہم راستے کے انتظام کے لیے ایک نظام بنانے پر کام کر رہے ہیں۔ ایران کی جانب سے جنگ بندی کی پیشکش مسترد کیے جانے سے پہلے اسرائیل نے ایران کے بڑے  'ساؤتھ پارس ' گیس میدان میں واقع ایک اہم پیٹرو کیمیکل پلانٹ پر حملہ کیا۔ اس حملے میں انقلابی گارڈ کے ایک اعلی کمانڈر کی موت ہو گئی۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے اس حملے کی تصدیق کی اور اسے ایران کے سب سے بڑے پیٹرو کیمیکل مرکز پر شدید حملہ قرار دیا۔ اس پلانٹ سے ایران کی تقریباً پچاس فیصد پیٹرو کیمیکل پیداوار ہوتی ہے۔
اسرائیل اور امریکہ کے ایران پر کئی بڑے حملے
اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ناداو  شوشانی نے کہا کہ بات چیت کے دوران بھی ایران کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ساؤتھ پارس گیس میدان دنیا کا سب سے بڑا قدرتی گیس ذخیرہ ہے۔ مارچ میں اس مقام پر اسرائیلی حملے کے بعد ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسرائیل دوبارہ حملہ نہیں کرے گا لیکن انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے قطر کے توانائی ڈھانچے پر حملے جاری رکھے تو امریکہ جواب دے گا اور پورے خطے کو مکمل طور پر تباہ کر دے گا۔ اسرائیل اور امریکہ نے پیر کو ایران پر کئی بڑے حملے کیے جن میں25   سے زیادہ افراد مارے گئے۔ اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خلیجی ممالک پر میزائلیں داغیں۔
 آبنائے ہرمزکھولنے کے لیے دی گئی مہلت قریب آنے کے دوران ثالثوں نے جنگ بندی کی ایک نئی تجویز پیش کی ہے۔ تہران میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور مسلسل حملوں کے باعث شہر کے اوپر بہت نیچے پرواز کرتے جہازوں کی آواز گونجتی رہی۔ ایک فضائی حملے میں شریف ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے کیمپس کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد آزادی چوک کے قریب سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ ایرانی سرکاری میڈیا اور اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق تہران میں ہونے والے حملوں میں انقلابی گارڈ کے انٹیلی جنس سربراہ میجر جنرل ماجد خادمی بھی مارے گئے۔ اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ اس نے قدس فورس کے سربراہ اصغر باقری کو بھی ہلاک کر دیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی میزائلوں نے شمالی اسرائیل کے شہر حیفہ کو نشانہ بنایا جہاں ایک رہائشی عمارت کے ملبے سے چار لاشیں نکالی گئیں۔
ہرمز پر کنٹرول سے عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ
حکام کے مطابق تہران کے جنوب مغرب میں اسلام شہر کے قریب حملے میں کم از کم 15 افراد مارے گئے جبکہ قم کے ایک رہائشی علاقے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ دیگر شہروں میں چھ مزید افراد کی جان گئی جبکہ تہران میں ایک گھر پر حملے میں تین افراد مارے گئے۔ ایرانی سرکاری ٹیلی وژن نے اس کی تصدیق کی۔ خلیجی خطے میں کشیدگی بڑھ گئی جہاں کویت، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے ایرانی میزائلوں اور ڈرون کو روکنے کے لیے اپنے فضائی دفاعی نظام  کوفعال کر دیا۔ توانائی کے مراکز پر ایران کے حملوں اورآبنائے ہرمز پر کنٹرول کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
بین الاقوامی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت پیر کی صبح ابتدائی کاروبار میں بڑھ کر ایک سو نو امریکی ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جو جنگ شروع ہونے کے وقت کے مقابلے میں تقریبا ًپچاس فیصد زیادہ ہے۔ اندرونی دبا ؤکے درمیان ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ وقت کے اندر آبنائے نہیں کھولی گئی تو امریکہ ایران کے بجلی گھروں اور دیگر ڈھانچے کو نشانہ بنائے گا اور ملک کو پتھر کے زمانے میں پہنچا دے گا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر کہا کہ منگل کے روز  پاور پلانٹ ڈے اور برج ڈے ہو گا ۔ جنگ روکنے کی کوششوں کے تحت ثالثی کرنے والے ممالک مصر ، پاکستان اور ترکئیے نے ایران اور امریکہ کو ایک پیشکش بھیجی ،جس کو تہران نے فی الحال ماننے سے انکار کر دیا ہے ۔ 
 



Comments


Scroll to Top