انٹرنیشنل ڈیسک: نائیجیریا میں منگل کو گیسولین (پٹرول )سے بھرے ایک ٹینکر میں دھماکہ ہونے سے کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے یہ جانکاری دی۔ پولیس ترجمان وسیع العابدین نے ایک بیان میں کہا کہ نائیجیر ریاست کے بیدا علاقے میں ٹرک الٹنے کے بعد دھماکہ ہوا اور مقامی رہائشی پھیلتے ہوئے ایندھن کو جمع کرنے کے لیے جائے وقوعہ کی جگہ کی طرف دوڑے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکہ میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ حالیہ مہینوں میں، نائیجیر ریاست میں بھاری بھرکم ٹرکوں سے متعلق حادثات میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ خراب سڑکیں اور ریلوے نیٹ ورک کی کمی کو قرار دیا گیا ہے۔ یہ ریاست شمالی اور جنوبی نائجیریا کے درمیان مال کی نقل و حمل کے لیے ایک اہم گزرگاہی مرکز ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ڈرائیور، ٹینکر کے مالک کی شناخت کرنے اور حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ نائیجیر ریاست کے گورنر عمر باگو نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک ہے کہ لوگ خطرے کے باوجود اُلٹے ہوئے ٹینکروں سے پٹرول جمع کرنے گئے۔ باگو نے کہا کہ یہ لوگوں اور ریاستی حکومت کے لیے ایک اور دردناک واقعہ ہے۔