سنگرولی : مدھیہ پردیش کے سنگرولی ضلع میں بدھ کی صبح تقریباً 10 بج کر30 منٹ پر ایک دردناک حادثہ پیش آیا، جس میں تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ دو خواتین زخمی ہو گئیں۔ یہ واقعہ جیاون تھانہ علاقے کی کدوار چوکی کے پرسوہر گاؤں میں پیش آیا۔ جانکاری کے مطابق تین خواتین اور دو بچیوں کے ساتھ کان سے چھوہی لینے گئی تھیں، جہاں اچانک کان دھنس گئی اور تمام خواتین کان کے اندر دب گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی دیوسر ایس ڈی او پی گایتری تیواری اور تھانہ انچارج روشنی کرمی پولیس ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچیں۔ فورا ً ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ اس دوران جائے حادثہ پر بڑی تعداد میں دیہاتی موجود رہے۔ پولیس سے حاصل معلومات کے مطابق اس حادثے میں دو بچیوں کے ساتھ ایک خاتون کی بھی موت ہوئی ہے۔ دو خواتین کو زخمی حالت میں کان سے باہر نکالا گیا ہے، جنہیں ایمبولینس کے ذریعے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر دیوسر لے جایا گیا ہے۔ فی الحال ان کی حالت معمولی بتائی جا رہی ہے۔