Latest News

اٹھارہ سال کے ہونے پر نام ووٹر لسٹ میں ضرور درج کرائیں : وزیر اعظم مودی

اٹھارہ سال کے ہونے پر نام ووٹر لسٹ میں ضرور درج کرائیں : وزیر اعظم مودی

نیشنل ڈیسک: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ملک کے عوام کو قومی یومِ رائے دہندگان (ووٹر دِوس ) کی مبارکباد دی اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اٹھارہ سال کی عمر پوری ہوتے ہی اپنا نام ووٹر فہرست میں درج کرائیں۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں ووٹروں کو جمہوریت کی روح قرار دیتے ہوئے کہا، آج یومِ رائے دہندگان کے موقع پر میں اپنے نوجوان ساتھیوں سے ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں کہ وہ اٹھارہ سال کے ہوتے ہی بطور ووٹر خود کو لازما رجسٹر کریں۔ آئین نے ہر شہری سے جس فرض شناسی کی توقع رکھی ہے، اس سے وہ توقع بھی پوری ہوگی اور ملک کی جمہوریت بھی مضبوط ہوگی۔
انہوں نے جمہوریت کو زندہ رکھنے کے لیے زمینی سطح پر کام کرنے والے انتخابی عمل سے وابستہ افراد کی ستائش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عموما جب کوئی اٹھارہ سال کا ہو کر ووٹر بنتا ہے تو اسے زندگی کا ایک عام مرحلہ سمجھا جاتا ہے۔ لیکن درحقیقت یہ موقع ہر ہندوستانی  کی زندگی کا ایک بہت بڑا لمحہ ہوتا ہے۔
انہوں نے اس موقع کو منانے کی اپیل کی اور کہا کہ جس طرح کسی کی سالگرہ پر اسے مبارکباد دی جاتی ہے، اسی طرح جب بھی کوئی نوجوان پہلی بار ووٹر بنے تو پورا محلہ، گاؤں یا شہر مل کر اس کا خیر مقدم کرے اور مٹھائیاں تقسیم کی جائیں۔ اس سے لوگوں میں ووٹنگ کے تئیں بیداری میں اضافہ ہوگا۔
 



Comments


Scroll to Top