لکھنؤ: آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسدالدین اویسی نے ایشیا کپ میں ہندوستان -پاکستان کرکٹ میچ سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کی قیادت والی مرکز کی حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے سوال کیا کہ پہلگام دہشت گرد حملے میں 26 افراد کی جان کی قیمت زیادہ ہے یا میچ سے ہوئی کمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پاکستان سے آئے دہشت گردوں نے صرف مذہب پوچھ کر گولیوں سے ہلاک کیا کیونکہ وہ ہندو تھے۔ انہوں نے ہفتہ کی دیر رات یہاں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پانی اور خون ساتھ ساتھ نہیں بہ سکتے، دہشت گردی اور بات چیت ممکن نہیں ہے۔
بی سی سی آئی کو ایک کرکٹ میچ سے کتنا پیسہ ملے گا؟
اویسی نے کہا، "بی سی سی آئی کو ایک کرکٹ میچ سے کتنا پیسہ ملے گا، 2,000 کروڑ روپے، 3,000 کروڑ روپے؟ ہمیں بتائیں کہ ہمارے 26 شہریوں کی جان کی قیمت زیادہ ہے یا پیسہ؟ بی جے پی کو ہمیں (پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کے فیصلے پر) اس بارے میں بتانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ 'دیش بھکتی' کی بات کرتی ہے، لیکن جب کرکٹ میچوں کی بات آتی ہے، تو وہ موقف بدل لیتی ہے۔
پہلگام دہشت گرد حملے میں مارے گئے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اے آئی ایم آئی ایم
اویسی نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم ہمیشہ پہلگام دہشت گرد حملے میں مارے گئے افراد کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا، "یہ میچ کیسے ہو رہا ہے؟ اسے کھیلنا ہی نہیں چاہیے۔ جب ہم سندھو پانی معاہدے کے تحت پانی روک سکتے ہیں، تو پھر ہم کھیل کیسے سکتے ہیں؟ ہم بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ سے پوچھنا چاہتے ہیں: ان 26 افراد کی جان کی قیمت کیا ہے؟ بی جے پی اور ایس ایس کو جان گنوانے والے نہیں دکھائی دیتے، صرف پیسہ کمانا ہے۔"
ہندوستان اور پاکستان میچ
آپ کو بتا دیں کہ ایشیا کپ میںہندوستان اور پاکستان اتوار شام دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے۔ مئی میں سرحدی تصادم بڑھنے کے بعد یہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ ہوگا۔ جموں و کشمیر کے پہلگام میں 22 اپریل کو ایک دہشت گرد حملے میں 26 سیاح مارے گئے تھے، جس کے بعد ہندوستان نے مئی میں پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر حملے کیے تھے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ نے ملک کی تقسیم سے متعلق این سی ای آر ٹی کے نصاب میں تبدیلی کے لیے مرکز کی بی جے پی حکومت پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو تقسیم کے لیے قصوروار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ ہم ذمہ دار نہیں ہیں۔ ساورکر نے ہی سب سے پہلے 'دو برادریوں' کی بات کی تھی اور تقسیم کے نعرے دیے تھے۔ ماؤنٹ بیٹن اور اس وقت کی کانگریس حکومت تقسیم کے ذمہ دار تھے۔ گوڈسے نے مہاتما گاندھی کا قتل کیوں کیا، یہ بھی این سی ای آر ٹی سے ہٹا دیا گیا۔