نیشنل ڈیسک: ہندوستان میں صرف وزیر اعظم نریندر مودی کو ہی اسپیشل پروٹیکشن گروپ(ایس پی جی) سیکورٹی ملی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم مودی کی سکیورٹی پر ہر روز 1 کروڑ 62 لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ نے پارلیمنٹ میں ایک تحریری جواب میں اس کی اطلاع دی۔

پارلیمنٹ میں ڈی ایم کے رہنما دیاندھی مارن نے سوال کیا تھا کہ ملک میں کتنے لوگوں کو ایس پی جی اور مرکزی ریزرو پولیس فورس( سی آر پی ایف )کی طرف دی جانے والی سکیورٹی ملی ہوئی ہے۔ اس کے جواب میں مرکزی وزیر داخلہ مملکت جے کشن ریڈی نے بتایا کہ فی الحال صرف ایک شخص کو ہی ایس پی جی سکیورٹی ملی ہوئی ہے۔ اگرچہ مرکزی داخلہ وزیر مملکت نے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام نہیں لیا کہ صرف ان کوہی یہ سکیورٹی ملی ہے۔

ایس پی جی سکیورٹی کے بجٹ پر ہنگامہ
ایس پی جی سکیورٹی کو لے کر پارلیمنٹ میں سوال اٹھے تھے کیونکہ بجٹ میں ایس پی جی سکیورٹی کے لئے مختص فنڈ میں 10 فیصد کا اضافہ کیا گیا۔ سال 2020-21 کے لئے ایس پی جی کے لئے 592.55 کروڑ روپے بجٹ کا مختص کیا گیا ہے۔ پچھلی بار بجٹ میں ایس پی جی کے لئے 540.16 کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا گیا تھا، تب چار لوگوں کو ایس پی جی سکیورٹی ملی تھی یعنی ایک شخص کی حفاظت میں 135 کروڑ روپے کا خرچ آتا تھا۔

وزیر اعظم مودی کے علاوہ ان کو بھی ملتی تھی ایس پی جی سکیورٹی
ایس پی جی ایکٹ میں ترمیم سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ گاندھی خاندان یعنی کانگرس کی عبوری صدر سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا کو ملی تھی۔ گزشتہ سال حکومت نے گاندھی خاندان کو ملی ایس پی جی سکیورٹی ہٹا لی تھی۔ اب گاندھی خاندان کو صرف سی آر پی ایف سکیورٹی ملی ہوئی ہے۔
بتا دیں کہ اس سلسلے میں پارلیمنٹ نے قانون بنایا ہے جس میں قانون ہے کہ اب صرف ملک کے وزیر اعظم کو ہی ایس پی جی سیکورٹی دی جائے گی۔ وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹنے کے بعد 5 سال تک ایس پی جی سکیورٹی رہے گی اور پھر ہٹا لی جائے گی۔