حیدرآباد: سعودی عرب میں پیش آئے بھیانک بس حادثہ پر اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد وصدرکل ہند مجلس اتحادالمسلمین نے افسوس کااظہار کیا ہے۔ اویسی نے کہا”مکہ سے مدینہ جانے والی بس میں سوار 42 زائرین حادثہ کا شکار ہوئے اور بس میں آگ لگ گئی۔میں نے ریاض میں ہندوستانی سفارتخانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن ابو میتھن جارج سے بات کی۔ انہوں نے مجھے یقین دلایا کہ وہ واقعہ کے متعلق تمام معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ وہ حیدرآباد کی دو ٹراویل ایجنسیوں سے بھی رابطہ میں ہیں اور مسافروں کی تفصیلات ہندوستانی سفارتخانہ ریاض اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہیں۔
بیرسٹراویسی نے مرکزی حکومت خصوصاً وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے اپیل کی ہے کہ جاں بحق زائرین کی میتوں کو فوری طور پر ہندوستان منتقل کیا جائے۔ اگر کوئی زخمی ہے تو اسے بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی المناک ہے اور حکومتِ ہند کو فوری کارروائی کرنی چاہیے۔