انٹر نیشنل ڈیسک: روس نے اتوار کو یوکرین پر میزائلوں اور ڈرونز سے شدید حملہ کیا، جس میں کیف کے علاقے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ یوکرین کی ہنگامی سروس کے مطابق، منہدم شدہ عمارتوں کے ملبے سے آٹھ افراد کو زندہ نکالا گیا جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ حملوں سے کیف کے مضافاتی علاقوں کے پانچ اضلاع اوبوخیو، برووری، بورسپل، بچا اور فاسٹیو میں وسیع نقصان ہوا۔ کئی رہائشی عمارتیں متاثر ہوئیں اور مختلف مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ فاسٹیو ضلع کے پوتریوکا گاوں میں ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں تک امدادی اور تلاشی کا کام کیا، جہاں لوگ ملبے میں دبے ہوئے پائے گئے۔
جنوبی اوڈیسا علاقے میں بھی توانائی کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا، جس سے بڑے پیمانے پر آگ لگی۔ حکام کے مطابق آگ پر بعد میں قابو پا لیا گیا، لیکن حملے نے پہلے سے دباو میں موجود توانائی کی فراہمی پر اثر ڈالا۔ تقریباً چار سال سے جاری روس-یوکرین جنگ کے دوران یوکرینی شہروں پر ہوائی حملے عام ہو گئے ہیں۔ پچھلے مہینوں میں روس نے خاص طور پر توانائی کے گرڈ کو نشانہ بنایا ہے، جس سے سخت سردیوں میں بجلی اور حرارتی خدمات متاثر ہو رہی ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر امن کے اقدامات پر بات کے باوجود، زمینی حالات میں تصادم اور ہوائی حملے جاری ہیں، جس سے عام شہریوں پر انسانی دباو¿ بڑھ رہا ہے۔