Latest News

پرینکا نے بھائی راہل کی انتخابی مہم کی کمان سنبھالی

پرینکا نے بھائی راہل کی انتخابی مہم کی کمان سنبھالی

رائےبریلی:  کانگریس کنبے کے وقار سے جڑے رائے بریلی پارلیمانی حلقے میں کانگریس امیدوار راہل گاندھی کی حمایت میں ان کی بہن اور پارٹی سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کو انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر خوب حملہ کیا۔
پرینکا نے مودی حکومت اور ان کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنانے کے ساتھ رائے بریلی سے اپنے کنبے کے تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے گاندھی نہرو کنبے کے یہاں سے وابستگی کے پیچھے کی وجہ آزادی کے پہلے کا منشی گنج گولی سانحہ اور یہاں کے لوگوں کی بیداری کو بتایا۔
پرینکا نے رائے بریلی سے کانگریس امیدوار راہول گاندھی اور امیٹھی سے کانگریس امیدوار کشوری لال شرما کے انتخابی مہم کی کمان سنبھالی۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران، تھل وانسا میں نیا ئےسنکلپ سبھا اور نکڑ سبھا میں مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نے بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے کسانوں سمیت ملک کے ہر شہری کو پریشان کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت صرف سرمایہ داروں کی حکومت ہے۔ اس حکومت میں عام آدمی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ پانچ کلو مفت راشن تقسیم کر کے مودی حکومت نے عام لوگوں کی روزی روٹی کے مواقع ختم کر دیے ہیں اور زرعی سامان جس پر جی ایس تی ہے  سمیت ہر جگہ مہنگائی بڑھنے سے عام آدمی کی ترقی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت 400 لوک سبھا سیٹیں چاہتی ہے تاکہ وہ آئین کو ختم کر سکے۔ انہوں نے کرناٹک اور دیگر  کانگریس حکمرانی والی ریاستوں کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے منشور میں یہ ہے کہ غریب خاندان کی سب سے بڑی خاتون کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ خواتین کو ریزرویشن دیا جائے گا۔ سرکاری ملازمتوں کی 30 لاکھ آسامیاں فوری طور پر پُر کی جائیں گی۔ ان کے علاوہ دیگر اعلانات بھی کیے گئے۔ 
رائے بریلی کے لوگوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ کافی باشعور ہیں، یہاں کے منشی گنج میں کسانوں نے تقریباً سو سال پہلے انگریزوں کے خلاف محاذ کھولا تھا، جس کے خلاف احتجاج میں نہتے لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں اور پھر موتی لال نہرو اور جواہر لال نہرو رائے بریلی آئے تھے۔ رائے بریلی کے لوگوں کی اس بیداری کی وجہ سے گاندھی نہرو خاندان نے اسے اپنا کام کی جگہ بنا لیا۔
اپنی والدہ سونیا گاندھی کی خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ ان کی خراب صحت کے باوجود سونیا گاندھی نے ہمیشہ یہاں کی ترقی کا خیال رکھا اور اب راہل گاندھی یہاں سے کھڑے ہیں، جن کو کثیر ووٹوں سے جتانے کی پرینکا گاندھی نے شہریوں سے اپیل کی۔
مودی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ آج پوری بی جے پی راہل گاندھی کے پیچھے  پڑی ہوئی ہے، ان کا گھر چھینا، ان کی رکنیت چھینی، ان کی شبیہ کو خراب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن اس کے باوجود راہل گاندھی کو ملک اور اپنے ہم وطنوں سے پیار ہے۔
یہی وجہ ہے کہ جب انہوں نے دیکھا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں غریب دلتوں، قبائلیوں اور اقلیتوں سمیت ملک کو تنزلی کی طرف دھکیل رہی ہیں اور صرف سرمایہ داروں کے لیے کام کر رہی ہیں تو انہوں نے سماجک نیائے یاترا میں  کنیا کماری سے کشمیر تک 4 ہزار کلومیٹر پیدل سفر کیا۔ 
پھر ممبئی سے منی پور کا سفر کیا۔ ان یاتراوں کا مقصد لوگوں کے درمیان جانا اور ان کے دکھ درد کو جاننا اور ان کے دکھ درد میں شریک ہونا تھا۔ راہل گاندھی کا مقصد عوام اور ملک کو متحد کرنا، لوگوں میں محبت پھیلانا رہا ہے، نفرت نہیں۔



Comments


Scroll to Top