براسیلیا/نئی دہلی: برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی اپنے برازیل دورے کے دوسرے مرحلے میں منگل کی صبح برا سیلیا پہنچ گئے، جہاں ہوائی اڈے پر وزیر دفاع جوس موسیو مونٹیرو فلہو نے ان کاشاندار استقبال کیا وزیر اعظم مودی سرکاری دورے پر ہیں اور اس دوران وہ برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ مسٹر مودی صدر لولا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس دوران چار معاہدوں پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے۔
وزیر اعظم مودی نے براسیلیا پہنچنے کے بعد سوشل میڈیاپلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ ہندوستانی برادری کے لوگوں کے ذریعہ منعقدہ روایتی اور ثقافتی پروگراموں سے کافی متاثر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں کچھ دیر پہلے براسیلیا پہنچا ہوں۔ ہندوستانی برادری نے ایک یادگار استقبال دیا، جس سے ایک بار پھر یہ ظاہر ہوا کہ ہمارے ہندوستانی اپنی جڑوں سے وابستہ ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بھی ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعظم کا برازیل کا سرکاری دورہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مضبوط کرے گا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہاکہ ہندوستان-برازیل مضبوط شراکت داری میں نئے قدم اٹھا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی برازیل کے سرکاری دورے پر راجدھانی براسیلیا پہنچے۔ ہوائی اڈے پر ان کا برازیل کے وزیر دفاع ہوزے موسیو مونٹیرو فلہو نے گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔
اس سے قبل ریو ڈی جنیرو میں 17ویں برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد براسیلیا روانہ ہونے سے قبل مسٹر مودی نے کہا کہ ان کا دورہ کافی نتیجہ خیز رہا۔ ہم نے برکس سربراہی اجلاس میں مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ میں صدر لولا اور برازیل کی حکومت کو ان کی برکس صدارت کے دوران اس پلیٹ فارم کو مزید موثر بنانے کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔ عالمی رہنماو¿ں کے ساتھ میری دو طرفہ ملاقاتیں ہندوستان کی دوستی کو بھی فروغ دیں گی۔
اب میں سرکاری دورے پر براسیلیا جا رہا ہوں۔ میں صدر لولا کے ساتھ ہندوستان-برازیل تعلقات کے مختلف پہلوو¿ں پر تفصیلی بات چیت کروں گا۔