لندن: وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو ہٹانے کے لیے امریکہ کی جانب سے کی گئی فوجی کارروائی کے بعد عالمی سطح پر یہ سوال اٹھ کھڑا ہوا ہے کہ کیا امریکہ نے ایک خودمختار ملک کے خلاف جنگ جیسا قدم اٹھایا ہے۔ بین الاقوامی قانون کے کئی ماہرین کا ماننا ہے کہ کسی ملک کے سربراہ کو فوجی قوت کے ذریعے دوسرے ملک سے پکڑنا اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 2(4) کی خلاف ورزی ہے۔اسی دوران برطانیہ کے وزیراعظم کیر اسٹارمر نے واضح الفاظ میں کہا کہ اس پورے آپریشن میں برطانیہ کی کوئی بھی شمولیت نہیں تھی۔ اسٹارمر نے کہا کہ فی الحال برطانیہ کی سب سے بڑی ترجیح وینزویلا میں موجود تقریباً 500 برطانوی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لندن حکومت کاراکس میں واقع برطانوی سفارت خانے کے ساتھ مل کر حالات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور شہریوں کو ضروری مشورے دیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ تمام ممالک کو بین الاقوامی قانون کا احترام کرنا چاہیے اور کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے حقائق کی مکمل تصدیق ضروری ہے۔ انہوں نے کہا، “ہمیں پہلے سچ جاننا ہوگا اور پھر آگے کا راستہ طے کرنا ہوگا۔” اسٹارمر نے یہ بھی اشارہ دیا کہ وہ جلد ہی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور دیگر اتحادی ممالک کے رہنماوں سے بات کریں گے۔ تاہم، انہوں نے تسلیم کیا کہ ابھی تک ٹرمپ سے ان کی براہِ راست بات نہیں ہوئی ہے۔
برطانوی حکومت فی الحال نقصان کو کنٹرول کرنے کے موڈ میں ہے اور اس بات کو لے کر فکر مند ہے کہ حالات کہیں اور نہ بگڑ جائیں۔ لندن کی کوشش ہے کہ بحران مزید نہ پھیلے اور علاقائی غیر استحکام سے بچا جا سکے۔
امریکہ کا موقف اس سے مختلف ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ مادورو کو وینزویلا کا قانونی صدر نہیں مانتی۔ امریکہ 2024 کے متنازعہ انتخابات کے بعد ایڈمونڈو گونزالیز یوروتیا کو ‘صدر-منتخب’ مانتا ہے۔
واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ مادورو ایک نارکو-دہشت گرد ہے، جس پر 2020 میں امریکی عدالت نے منشیات کی اسمگلنگ اور کولمبیائی گوریلا تنظیموں سے تعلق رکھنے کے الزامات عائد کیے تھے۔ مادورو کی گرفتاری پر امریکہ نے 50 ملین ڈالر انعام بھی اعلان کیا تھا۔ اس کارروائی کے بعد روس اور ایران نے امریکہ پر غیر قانونی فوجی حملے کا الزام لگایا ہے۔ یورپی یونین نے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مادورو کی قانونی حیثیت پر سوالات ہیں۔ جبکہ کولمبیا نے اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ قانونی طور پر بحث جو بھی ہو، حقیقت یہ ہے کہ مادورو اب امریکی حراست میں ہیں۔