Latest News

وزیراعظم مودی کل پنجاب کا دورہ کریں گے، آدم پور ہوائی اڈے کو سنت گرو روی داس کے نام سے منسوب کیا جائے گا

وزیراعظم مودی کل پنجاب کا دورہ کریں گے، آدم پور ہوائی اڈے کو سنت گرو روی داس کے نام سے منسوب کیا جائے گا

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی مہان سنت اور سماجی مصلح گرو روی داس کی 649ویں جینتی کے موقع پر اتوار کے روز پنجاب کا دورہ کریں گے اور وہاں آدم پور ہوائی اڈے کا نام ’شری گرو روی داس جی ہوائی اڈا، آدم پور‘ رکھنے کے ساتھ ہی ریاست کو شہری ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے کا تحفہ بھی دیں گے۔
یہ اطلاع یہاں جاری کردہ ایک سرکاری اعلامیے میں دی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم مودی کل دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے ریاست کے آدم پور پہنچیں گے۔ پی ایم مودی اس دورے میں لدھیانہ کے ہلوارہ ہوائی اڈے کی ٹرمینل عمارت کا بھی افتتاح کریں گے۔ پنجاب میں ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کی سمت میں یہ ٹرمینل عمارت ریاست کے لیے ایک نیا در وا کرے گی جس سے لدھیانہ اور آس پاس کے صنعتی و زرعی علاقوں کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ لدھیانہ ضلع میں واقع ہلوارہ ہندوستانی فضائیہ مرکز بھی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ لدھیانہ کے پرانے ہوائی اڈے کا رن وے چھوٹا تھا جو صرف چھوٹے ہوائی جہازوں کی پرواز کے لیے موزوں تھا۔ اب ہلوارہ میں ایک نیا سول اینکلیو تیار کیا گیا ہے جس کا رن وے بڑا ہے اور یہ اے 320 جیسے بڑے ہوائی جہازوں کی آمدورفت کی اہلیت رکھتا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top