ممبئی: سنیترا پوار نے ہفتہ کے روز مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا جو ریاست کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ حلف برداری ان کے شوہر، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت کے بعد عمل میں آئی۔ راج بھون، ممبئی میں منعقدہ ایک مختصر تقریب میں گورنر نے انہیں عہدے اور راز داری کا حلف دلایا۔
اجیت پوار 28 جنوری 2026 کو بارامتی کے قریب ایک طیارہ حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ ان کے اچانک انتقال کے بعد نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے متفقہ طور پر سنیترا پوار کو قانون ساز گروپ کا لیڈر منتخب کیا۔ ان کے انتخاب کی تجویز دلیپ والسے پاٹل نے پیش کی، جس کی تائید چھگن بھجبل نے کی، اور اس طرح ان کی ریاستی کابینہ میں شمولیت کی راہ ہموار ہوئی۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور بھارتیہ جنتا پارٹی و نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے متعدد سینئر رہنما موجود تھے۔ تقریب کے بعد این سی پی رہنماوں نے اجیت پوار کے حق میں نعرے لگائے، جس سے پورے ماحول میں جذباتی کیفیت نمایاں رہی۔
سنیترا پوار اس وقت مہاراشٹر سے راجیہ سبھا کی رکن ہیں اور ریاست بھر میں انہیں “سنیترا واہنی” اور “دیدی” کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ان کے دو بیٹے پارتھ پوار اور جے پوار ہیں۔ اجیت پوار کی موت کے بعد این سی پی میں جاری سیاسی صف بندیوں کے بیچ ان کی حلف برداری کو قیادت کے تسلسل کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سنیترا پوار کی پیدائش 18 اکتوبر 1963 کو مہاراشٹر کے عثمان آباد ضلع میں ہوئی۔ ان کے والد باجی راو پاٹل مقامی سطح کے رہنما تھے جبکہ ان کے بھائی پدم سنگھ باجی راو پاٹل وزیر اور رکنِ پارلیمان رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 1983 میں اورنگ آباد کے ایس بی ای ایس کالج آف آرٹس اینڈ کامرس سے بیچلر آف کامرس کی ڈگری حاصل کی۔
انہوں نے 30 دسمبر 1985 کو اجیت پوار سے شادی کی اوراس وقت بارامتی کے کٹے واڑی علاقے میں واقع پوار فارم ہاوس میں مقیم ہیں۔ حالیہ برسوں میں انہوں نے انتخابی سیاست میں قدم رکھا اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں مہایوتی اتحاد کے تحت بھارتیہ جنتا پارٹی کے نشان پر بارامتی سے مقابلہ کیا، تاہم انہیں این سی پی (شرد چندر پوار دھڑا) کی امیدوار سپریا سولے کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ بعد ازاں 2024 میں پرفل پٹیل کے استعفے کے بعد وہ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی دھڑے سے بلا مقابلہ راجیہ سبھا کی رکن منتخب ہوئیں۔
سیاست کے علاوہ سنیترا پوار سماجی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں بھی سرگرم رہیں۔ انہوں نے 2010 میں انوائرنمنٹل فورم آف انڈیا کی بنیاد رکھی، جو نامیاتی کھیتی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کام کرتا ہے۔ انہیں گرین واریئر ایوارڈ، جیون گورو ایوارڈ (2023) اور راشٹراماتا جیجاو ایوارڈ (2024) جیسے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ وہ 2006 سے بارامتی ہائی ٹیک ٹیکسٹائل پارک لمیٹڈ کی چیئرپرسن ہیں، ودیا پرتشٹھان کی ٹرسٹی رہ چکی ہیں اور 2017 سے ساوتری بائی پھلے پونے یونیورسٹی کی سینیٹ کی رکن بھی ہیں۔ان کا نائب وزیر اعلیٰ بننا اس وقت جبکہ پارٹی اجیت پوار کے انتقال کے بعد ایک عبوری مرحلے سے گزر رہی ہے این سی پی میں قیادت کے تسلسل اور پوار خاندان کی سیاسی وراثت کو برقرار رکھنے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ہے۔